لیگی کارکنان جماعتی اثاثہ ،عزت دینا ،جماعتی کارکنوں کی خدمت کرنا ہر رکن اسمبلی ،صوابدیدی عہدوں پر بیٹھے حکومتی نمائندوں کا فرض ہے، محمد فاروق حیدر

جماعتی کارکنان سے مشاورت یقینی بنائی جائے ، کارکنان کی محنت اور لگن کی بدولت ہم نے 2016 کا انتخاب جیتا، وزیراعظم آزاد کشمیر کی کارکنوں سے گفتگو

بدھ 16 اکتوبر 2019 17:57

لیگی کارکنان جماعتی اثاثہ ،عزت دینا ،جماعتی کارکنوں کی خدمت کرنا ہر ..
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 16 اکتوبر2019ء) وزیراعظم آزاد حکومت ریاست جموں و کشمیر راجہ محمد فاروق حیدر خان نے کہا ہے کہ لیگی کارکنان جماعتی اثاثہ ان کو عزت دینا اور جماعتی کارکنوں کی خدمت کرنا ہر رکن اسمبلی اور صوابدیدی عہدوں پر بیٹھے حکومتی نمائندوں کا فرض ہے۔جماعتی کارکنان سے مشاورت یقینی بنائی جائے جماعتی تنظیم یوتھ ونگ ایم ایس ایف شعبہ خواتین کی جماعت سے مظبوط وابستگی کا ثمر ہے کہ جماعت نے نہ صرف عام انتخابات جیتے بلکہ دو ضمنی انتخابات میں بھی شاندار کارکردگی کامظاہرہ کیا مسلم لیگ ن کی آزادکشمیر میں حکومت کا قیام کارکنان کی شبانہ روز محنت کے نتیجے میں ممکن ہوا۔

کارکنان کی محنت اور لگن کی بدولت ہم نے 2016 کا انتخاب جیتا۔

(جاری ہے)

نوازشریف ہمارے قائد تھے ہیں اور رہیں گے۔ آزادکشمیر کی عوام پر نوازشریف اور شاہدخاقان عباسی کے احسانات ہیں۔ آزادکشمیر کی تاریخ میں پہلی بار ایسا ممکن ہوا ہے کہ ہم نے اپنے انتظامی بجٹ میں خودکفالت حاصل کی آزادکشمیر میں ترقیاتی بجٹ دو گنا ہونے کے بعد آزادکشمیر کی تعمیر و ترقی کا پہیہ چلا۔

عوامی ضروریات کو مد نظر رکھتے ہوے ترقیاتی منصوبہ جات دیے گئے این ٹی ایس اور پبلک سروس کمیشن کے ذریعے پڑھے لکھے نوجوانوں کو میرٹ پر روزگار فراہم کیا میرپور زلزلہ کی بحالی و آبادکاری کے لئے حکومت تیزی سے کام کر رہی ہے۔ جب زلزلہ آیا تو سب سے پہلے اپنے لوگوں کے پاس پہنچا اور ریسکیو کاموں میں حصہ لیا۔ خدا کا شکر ادا کرتا ہوں میرپور میں جس طرح مکانات تباہ ہوئے اتنے بڑے پیمانے پر جانی نقصان نہیں ہوا۔

ایک ایک زلزلہ متاثرہ کی بحالی و آبادکاری تک چین سے نہیں بیٹھیں گے، مگر اس کے باوجود پوری جماعت الیکشن لڑنے اور جیتنے کے لئے تیار ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے مسلم لیگ ن حلقہ ایل اے تین میرپور کے کارکنان و رہنماوں سے بات چیت کرتے ہوئے کیا۔ وزیراعظم کی زیرصدارت کشمیر ہاوس ملٹی پرپز ہال میں کارکنان مسلم لیگ ن حلقہ ایل اے تین کا اجلاس منعقد ہوا جس میں سٹی صدر طاہر محمود مرزا کی قیادت میں حلقہ ایل اے تین سے تعلق رکھنے والے مقامی و مرکزی رہنماوں نے وزیراعظم سے ملاقات کی اور حلقہ کی مجموعی صورتحال سے آگاہ کیا۔

اس موقع پر وزیر حکومت سید شوکت شاہ، ممبر کشمیر کونسل عبدالخالق وصی، ڈائریکٹر جنرل ادارہ ترقیات میرپور اعجاز احمد رضا، چیئرمین پروفیشنل بورڈ مسلم لیگ ن آزادکشمیر ڈاکٹر محمد امین و دیگر بھی موجود تھے۔ وفد میں جنرل سیکرٹری سٹی میرپور ساجد حنیف قریشی، فاروق احمد میر، عتیق احمد سدوزئی، راجہ ربنواز، راجہ ناصر، چوہدری رزاق، چوہدری ناصر، ملک ساجد، ملک سہیل اعوان، منیب ٹھاکر، شیخ ندیم، راجہ قیصر، وسیم، چوہدری ارشد و دیگر شامل تھے۔

کارکنان نے ضمنی انتخابات کے حوالے سے تجاویز دیں اورمیرپور کے اندر ہونے والے ترقیاتی کاموں کی کارکردگی کی تعریف کے ساتھ ساتھ کچھ اہم امور پر تنقید بھی کی جس کو وزیراعظم نے خندہ پیشانی سے سنا اور کارکنان کو یقین دلایا کہ کارکنان کے تمام جائز کام حکومت کرے گی اور ہر رکن اسمبلی بھی کارکنان کے جائز کاموں کو ترجیح دیں میں نے انہیں عوامی ضروریات پوری کرنے کیلئے مکمل فنڈز و اختیار دیا ہوا ہے۔