پولیس کا جرائم پیشہ افرادکے خلاف میگاکریک ڈائون،266گینگ کی847اراکین گرفتار،13کروڑ92لاکھ سے زائد مال مسروقہ برآمد

بدھ 16 اکتوبر 2019 18:23

ملتان ۔ 16 اکتوبر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 16 اکتوبر2019ء) ریجنل پولیس آفیسر ملتان وسیم احمد خان کی ہدایت پر شہریوں کی جان و مال کے تحفظ کو یقینی بناتے ہوئے ملتان ریجن کے چاروں اضلاع کی پولیس نے گزشتہ ایک ماہ کے دوران جرائم پیشہ افراد کے خلاف میگا کریک ڈاؤن کیا اور 266 گینگز کے 847 اراکین کو گرفتار کرکے 13 کروڑ 92 لاکھ سے زائد کا مال مسروقہ برآمد کیا۔

ملتان ،وہاڑی خانیوال،لودھراں میں مختلف سرچ آپریشنز کے دوران 2 ہزار سے زائد خطرناک اسلحہ ،پسٹل اور ہزاروں گولیاں بھی برآمد کی گئیں۔ریجنل پولیس کی ماہانہ رپورٹ کے اعداد و شمار کے مطابق منشیات کے مقدمات میں 608 کلو چرس،24 کلو ہیروئن برآمد کرکے 363 منشیات فروشوں کو پابند سلاسل کیا گیا۔ملتان ریجن میں نیشنل ایکشن پلان کے تحت جاری سرچ آپریشن کے دوران اے اور بی کیٹیگری کے 8 ہزار سے زائد اشتہاری ملزم اور 1567 عدالتی مفرور گرفتار کئے گئے۔

(جاری ہے)

اس حوالے سے ریجنل پولیس آفیسر ملتان وسیم احمد خان نے ضلعی پولیس افسران کو سماج دشمنوں کے خلاف گھیرا مزید تنگ کرنے کا حکم دیتے ہوئے کہا ہے کہ کمیونٹی پولیسنگ کے ذریعے عوام کے مسائل حل اور جرائم کی شرح میں کمی لائی جائے اور عدالت میں زیر سماعت مقدمات کی تیز تر پیروی کی جائے تاکہ انصاف کے تقاضے پورے ہوسکیں۔آر پی او نے کہا کہ ملتان ریجن میں بہتر پولیسنگ کیلئے پولیس خدمت سنٹر اور ماڈل تھانے بہترین سروسز فراہم کررہے ہیں پولیس خدمت سنٹر میں ایک چھت تلے 14 سروسز جس میں ڈرائیونگ لائسنس،کیریکٹر سرٹیفکیٹ اور ایف آئی آر کی مصدقہ کاپی کا حصول بھی شامل ہے۔

حکومت پنجاب کے ویڑن کے تحت عوام تک براہ راست رسائی کیلئے کھلی کچہریوں کا انعقاد کیا جارہا ہے جس کے مثبت نتائج سامنے آرہے ہیں۔