سندھ ہائی کورٹ نے خورشید شاہ و دیگر کیخلاف نیب تحقیقات سے متعلق ملزمان کی ضمانتوں میں توسیع کردی

بدھ 16 اکتوبر 2019 18:25

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 16 اکتوبر2019ء) سندھ ہائیکورٹ نے آمدن سے زائد اثاثے بنانے کے پیپلز پارٹی رہنما خورشید شاہ و دیگر کیخلاف نیب تحقیقات سے متعلق ملزمان کی ضمانتوں میں توسیع کرتے ہوئے تحقیقات میں تعاون کرنے کا حکم دیدیا۔چیف جسٹس سندھ ہائیکورٹ جسٹس احمد علی شیخ کی سربراہی میں جسٹس عمر سیال پر مشتمل دو رکنی بینچ کے روبرو آمدن سے زائد اثاثے بنانے سے متعلق پیپلز پارٹی رہنما خورشید شاہ و دیگر کیخلاف نیب تحقیقات سے متعلق خورشید شاہ کی دو بیویوں، صوبائی وزیر اویس شاہ، فرنٹ مینوں سمیت 16 افراد کی درخواست ضمانت کی سماعت ہوئی۔

عدالت نے خورشید شاہ کی بیویوں کو عارضی طور پر حاضری سے استثنی دے دیا۔ عدالت نے ملزمان کو تحقیقات میں نیب سے تعاون کرنے کا حکم دیدیا۔

(جاری ہے)

پراسیکیوٹر نیب نے موقف دیا کہ خورشید شاہ جسمانی ریمانڈ پر ہیں تحقیقات جاری ہیں۔ تفتیشی افسر نیب نے بتایا کہ خورشید شاہ کے بینک اکانٹس اور دیگر اہم شواہد حاصل کرلیے ہیں۔ ملزمان میں خورشید شاہ کی اہلیہ بی بی گلناز اور بی بی طلعت شامل ہیں۔ خورشید شاہ کے بیٹے زیرق شاہ، سید فرخ شاہ، لڈو مل، پہلاج، اعجاز بلوچ، اجیت کمار، قاسم علی شاہ، آفتاب سومرو سمیت دیگر ملزمان نیب کو مطلوب ہیں۔ عدالت نے خورشید شاہ کی بیویوں، بیٹوں اور فرنٹ مینوں کی عبوری ضمانت میں 15 نومبر تک توسیع کردی۔