ایڈیشنل آئی جی شاہد حیات کی نمازجنازہ ادا کردی گئی

نمازجنازہ میں وزیراعلیٰ سندھ سید مرادعلی شاہ، وزیر اطلاعات سندھ سعید غنی، آئی جی سندھ ڈاکٹرسیدکلیم امام اور دیگر کی شرکت

بدھ 16 اکتوبر 2019 18:34

ایڈیشنل آئی جی شاہد حیات کی نمازجنازہ ادا کردی گئی
کراچی۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 16 اکتوبر2019ء) ایڈیشنل آئی جی شاہد حیات خان مرحوم کی نماز جنازہ پولیس ہیڈکوارٹرز گارڈن ساؤتھ میں بدھ کو ادا کر دی گئی۔ نمازجنازہ میں وزیراعلیٰ سندھ سید مرادعلی شاہ، وزیر اطلاعات سندھ سعید غنی، آئی جی سندھ ڈاکٹرسیدکلیم امام، ایڈیشنل آئی جیز، ڈی آئی جیز، پاکستان آرمی، نیوی، ایف آئی اے، آئی بی کے افسران و جوان، سندھ پولیس کے افسران اور جوانوں کے علاوہ ممبران قومی وصوبائی اسمبلی، ایوان ہائے صنعت و تجارت کے نمائندگان، کراچی بزنس کمیونٹی کے ممبران، سول سوسائٹی کی معروف شخصیات ودیگر سمیت اہلیان علاقہ نے بھی کثیر تعداد میں شرکت کی۔

بعدازاں مرحوم کی میت کوتدفین کے لئے ان کے آبائی علاقے ڈیرہ اسماعیل خان روانہ کر دیا گیا۔

(جاری ہے)

قبل ازیں آئی جی سندھ ڈاکٹرسیدکلیم امام نے مرحوم پولیس آفیسرکی مختلف شعبہ جات اور باالخصوص بطور ایڈیشنل آئی جی کراچی تعیناتی کے دوران ان کے دلیرانہ فیصلوں جراُت اور بہادری کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے نمازجنازہ میں شریک ان کے اہلِ خانہ اور دیگرعزیز و اقارب سے اظہار تعزیت کی۔

شاہد حیات خان مرحوم 1965ء میں پیدا ہوئے۔ وہ 1991ء میں پولیس میں بھرتی ہوئے اور 04 مارچ1999ء تا 09 دسمبر1999ء تک ایڈیشنل آئی جی ٹریفک کراچی کی حیثیت سے خدمات انجام دیں جبکہ17جولائی2002ء تا 03 مارچ 2003ء تک ایس ایس پی انویسٹی گیشن رہے جس کے بعد انہیں 15جنوری2004ء کو ڈپٹی ڈائریکٹر ایف آئی اے تعینات کیا گیا۔ انہوں نے ایڈیشنل ڈائریکٹر سائبر کرائم کی حیثیت سے نومبر2007ء تا 16 مئی2008ء تک خدمات سرانجام دیں جس کے بعد وہ جون 2012ء میں ڈی آئی جی ایسٹ، دسمبر 2012ء میں ڈی آئی جی سائوتھ، اپریل 2013ء میں ڈی آئی جی اسپیشل برانچ کراچی، ستمبر 2013ء میں ایڈیشنل آئی جی کراچی تعینات کئے گئے۔ شاہد حیات خان مرحوم کو فروری 2018ء میں گریڈ 21 پر ترقی دی گئی۔