صحافیوں کی جان و مال کے تحفظ کیلئے متعدد قوانین بنا رہے ہیں، وزیر اطلاعات سندھ

سوشل سیکورٹی یونیورسلائزیشن پر کام کا آغاز کرچکے ہیں، امریکن قونصل جنرل سے ملاقات میں تبادلہء خیال

بدھ 16 اکتوبر 2019 18:34

صحافیوں کی جان و مال کے تحفظ کیلئے متعدد قوانین بنا رہے ہیں، وزیر اطلاعات ..
کراچی۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 16 اکتوبر2019ء) وزیر اطلاعات و محنت سندھ سعید غنی سے امریکن قونصل جنرل رابرٹ سلبرسٹین نے ان کے دفتر میں ملاقات کی۔ بدھ کو جاری کردہ اعلامیہ کے مطابق اس موقع پر ان کے ہمراہ یو ایس قونصلیٹ کے پولیٹیکل یونٹ چیف نیل ایم فلپس اور پولیٹیکل اسپیشلسٹ قرة العین اسماعیل بھی موجود تھی۔ ملاقات میں مختلف امور پر تبادلہ خیال کیا گیا بالخصوص صوبہ سندھ میں حکومت سندھ کی جانب سے جاری منصوبوں، صحت، تعلیم سمیت دیگر میں کی جانے والی اصلاحات اور تھرپارکر میں جاری ترقیاتی کاموں پر بات چیت کی گئی۔

اس موقع پر وزیر اطلاعات و محنت سندھ سعید غنی نے امریکن قونصل جنرل کو محکمہ محنت میں سوشل سیکورٹی یونیورسلائیزیشن کے حوالے سے سندھ حکومت اور محکمہ محنت کی جانب سے جاری کام سے آگاہ کیا اور بتایا کہ سندھ حکومت مزدوروں اور محنت کشوں کو زیادہ سے زیادہ سہولیات کی فراہمی کے لئے سوشل سیکورٹی یونیورسلائزیشن پر کام کا آغاز کرچکی ہے اور جلد ہی اس سے صوبے کے تمام شعبہء جات میں کام کرنے والے مزدوروں اور محنت کشوں کو اس کا فائدہ ہوگا۔

(جاری ہے)

صوبائی وزیر نے سندھ حکومت کی جانب سے تھرپارکرکی ترقی اور یہاں کے بنیادی وسائل کی فراہمی کے حوالے سے جاری کاموں سے بھی قونصل جنرل کو آگاہ کیا۔ انہوں نے کراچی سمیت صوبے بھر میں صحت کی سہولیات بالخصوص امراض قلب، جگر کی پیوند کاری، کینسر، گردوں سمیت دیگر کے مفت علاج کی سہولیات کے لئے این آئی سی وی ڈی کے قیام اور ان کے صوبے بھر میں یونٹس کے تیزی میں کئے جانے والے اضافے سمیت دیگر سے بھی آگاہ کیا۔

اس موقع پر امریکن قونصل جنرل نے سندھ حکومت اور بالخصوص صوبائی وزیر کی کاوشوں پر خوشی کا اظہار کیا اور کہا کہ اس وقت صوبہ سندھ میں جس طرح سندھ حکومت عوام کی فلاح و بہبود کے لئے کام کررہی ہے اس کے مثبت نتائج سامنے آئیں گے۔ اس موقع پر امریکن قونصل جنرل کو صوبائی وزیر نے محکمہ اطلاعات اور محنت کے حوالے سے بھی بریفنگ دی اور بتایا کہ ان دونوں محکموں میں اصلاحات کے لئے موجودہ سندھ حکومت نے متعدد اقدامات کئے ہیں بالخصوص صحافیوں کو سہولیات کی فراہمی اور انہیں آزاد اور بے باک صحافت کے لئے تمام وسائل کی بھی فراہمی کی جارہی ہے جبکہ صحافیوں کی جان و مال کے تحفظ کے لئے بھی سندھ حکومت متعدد قوانین بنا رہی ہے۔

اس موقع پر وفدمیںشامل پولیٹیکل یونٹ چیف نیل ایم فلپس اور پولیٹیکل اسپیشلسٹ قرة العین اسماعیل نے بھی صوبہ سندھ میں پاکستان پیپلز پارٹی کے کردار کو سراہا اور کہا کہ پیپلز پارٹی کے انتخابات کے دوران عوام سے جو جو وعدے کئے ہیں ان تمام کو عملی جامہ پہنانے کے لئے جو اقدامات کررہی ہے وہ قابل ستائش ہیں۔ بعد ازاں صوبائی وزیر سعید غنی نے مہمانوں کو سندھ کی روایتی شال کا تحفہ بھی پیش کیا۔