Live Updates

حکومت کا فوری انتخابات کروانے کا فیصلہ

وزیراعظم کی زیر صدارت کور کمیٹی اجلاس میں پنجاب اور خیبرپختونخواہ میں جلد از جلد بلدیاتی انتخابات کروانے کی منظوری دی گئی

muhammad ali محمد علی بدھ 16 اکتوبر 2019 18:39

حکومت کا فوری انتخابات کروانے کا فیصلہ
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 16 اکتوبر 2019ء) حکومت کا فوری انتخابات کروانے کا فیصلہ، وزیراعظم کی زیر صدارت کور کمیٹی کے اجلاس میں پنجاب اور خیبرپختونخواہ میں جلد از جلد بلدیاتی انتخابات کروانے کی منظوری دی گئی۔ تفصیلات کے مطابق وفاقی حکومت نے پنجاب اور خیبرپختونخواہ میں فوری بلدیاتی انتخابات کروانے کا فیصلہ کیا ہے۔ بدھ کے روز وزیراعظم عمران خان کی زیر صدارت ہونے والے کور کمیٹی کے اجلاس میں اہم فیصلے کیے گئے۔

بتایا گیا ہے کہ اجلاس کے دوران متفقہ طور پر فیصلہ کیا گیا ہے کہ تحریک انصاف صوبہ پنجاب اور خیبرپختونخواہ میں بلدیاتی انتخابات کی تیاریاں شروع کرے گی۔ دونوں صوبوں میں فوری بنیاد پر بلدیاتی انتخابات کا انعقاد کیا جائے گا۔ جبکہ اجلاس کے دوران جمعیت علمائے اسلام ف کے سربراہ مولانا فضل الرحمان سے مذاکرات کیلئے کمیٹی بنانے کا فیصلہ بھی کیا گیا ہے۔

(جاری ہے)

مولانا فضل الرحمان سے مذاکرات کیلئے وزیر دفاع پرویز خٹک کمیٹی کے سربراہ ہونں گے۔ وزیراعظم کی زیر صدارت کور کمیٹی اجلاس میں پنجاب اور خیبر پختونخوا کے وزرائے اعلیٰ، گورنرز، وفاقی وزرا اور سینئر پارٹی قیادت نے شرکت کی۔ اجلاس میں مولانا فضل الرحمان کے آزادی مارچ، ملکی سیاسی صورتحٓل، معاشی معاملات اور مہنگائی سے متعلق امور پر غور کیا گیا۔

وزیراعظم عمران خان نے دورہ سعودی عرب، ایران اور چین پر کور کمیٹی کو اعتماد میں لیا۔ اجلاس کے شرکاء سے گفتگو کرتے ہوئے وزیراعظم عمران خان کا کہنا تھا کہ اپوزیشن کی جانب سے کسی بھی قسم کا انتشار کشمیر کاز کو نقصان پہنچائے گا۔ ملک کو اس وقت اور بھی خطرات درپیش ہیں۔ ہم کشمیریوں کا مقدمہ عالمی فورمز پر لڑ رہے ہیں۔ حکومت کو معیشت اور کشمیر جیسے بڑے چیلنجز کا سامنا ہے۔ تاہم حکومت اپوزیشن کے جائز تحفظات ضرور سنے گی۔
Live پاکستان تحریک انصاف سے متعلق تازہ ترین معلومات