بلوچستان یونیورسٹی کے وائس چانسلر کی جانب سے یونیورسٹی بلیک میلنگ اسکینڈل پر نام نہاد کمیٹی کومکمل طور پر مستردکرتے ہیں ، طلباء ایجوکیشنل ترجمان

بدھ 16 اکتوبر 2019 21:45

کوئٹہ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 16 اکتوبر2019ء) طلباء ایجو کیشنل کے مرکزی ترجمان نے اپنے ایک بیان میں بلوچستان یونیورسٹی کے وائس چانسلر کی جانب سے یونیورسٹی بلیک میلنگ اسکینڈل پر نام نہاد کمیٹی کومکمل طور پر مسترد کرتے ہوئے اسے تحقیقاتی عمل پر اثرانداز ہونے اور وائس چانسلر کوبچانے کی سازش قرار دیا ہے بیان میں کہا گیا ہے کہ بلیک میلنگ اسکینڈل کی صاف اور شفاف تحقیقات کے لئے اشد جروری ہے کہ وائس چانسلر کو فوری برطرف کیا جائے اس کے بغیر تحقیقاتی عمل مکمل نہیں ہوسکتا بیان میں کہاگیا ہے کہ اب نادیدہ قوتیں وائس چانسلر کو بچانے کیلئے متحرک ہوچکی ہیں اور ہر صورت وائس چانسلر کوبچانے کی ناکام کوشش کررہی ہے انہوں نے کہا کہ صوبائی اسمبلی کی جانب سے قائم کی گئی کمیٹی کو چاہیے کہ وہ اس اسکینڈل کی تحقیقات سمیت وائس چانسلر کی پانچ سالہ کارکردگی کی بھی مکمل تحقیقات بغیر کسی دبائو کے یقینی بنا ئے تاکہ صوبے کے عوام کے زخموں پرمرحم رکھا جا سکے بیان میں کہاگیا ہے کہ کس طرح ممکن ہوسکتا ہے کہ وائس چانسلر کی اشیرباد کے بغیر اس کے ماتحت افسران اور ملازمین وائش رومز اور دیگر ممنوع جگہوں پر خفیہ کیمرے لگا کر ویڈیوز بنا کرطلباء اور طالبات کو بلیک میل کرسکتے ہیں یہ سلسلہ کافی عرصے سے جاری تھا طلباء تنظیموں پر بالخصوص طلباء ایجو کیشن لالائنس نے اس اہم مسئلے کی جانب سے سیاسی پارٹیوں،حکومت اور صوبائی گورنر کو اس حوالے سے کافی پہلے آگاہ کیا تھا لیکن کسی جانب سے کوئی مثبت رد عمل سامنے نہیں آیا جس کی وجہ سے یہ مسائل کافی بڑھے بیان میں کہا گیا ہے کہ وائس چانسلر اور اس کے نام نہاد ترجمان کے بیانات کی کوئی اہمیت نہیں ہے بیان میں کہاگیا ہے کہ صوبائی گورنر اپنی مجبوریاں عوام کے سامنے رکھ دے کہ کس وجہ سے و ہ موجودہ وائس چانسلر کو ہٹانے سے اب تک قاصر ہے اوراگر اس قدر کمزور ہے تو گورنر کو فوری طور پرمستعفی ہونا چاہیے بیان میں کہاگیا ہے کہ صوبے کے اقوام اور عوام اب مزید اس نا اہل ،کرپت،اقرباء پروری اور میرٹ کے پامالیوں کے مرکب وائس چانسلر کو کسی صورت برداشت نہیں کرینگے اور طلباء تنظیمیں سیاسی پارٹیوں کیساتھ ملک وسیع پیمانے پراحتجاج کا راستہ اپنائے گی لہٰذا گورنر بلوچستان بغیر کسی عذر کے فوری طور وائس چانسلر کو برطرف کرے۔