صوبائی اسمبلی کے حلقہ11 لاڑکانہ کی نشست پر ہونیوالے ضمنی الیکشن میں بہترین سیکیورٹی انتظامات کئے جائیں ، آئی جی سندھ کی ہدایت

بدھ 16 اکتوبر 2019 22:05

صوبائی اسمبلی کے حلقہ11 لاڑکانہ کی نشست پر ہونیوالے ضمنی الیکشن میں ..
کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 16 اکتوبر2019ء) آئی جی سندھ ڈاکٹرسید کلیم امام نے پولیس کوہدایات جاری کیں ہیں کہ صوبائی اسمبلی کے حلقہ11 لاڑکانہ کی نشست پر ہونیوالے ضمنی الیکشن کے موقع پرسیکیورٹی کے مجموعی اقدامات کو انتہائی ٹھوس اور غیر معمولی بنایا جائے ۔انہوں نے ڈی آئی جی لاڑکانہ کو ہدایات جاری کیں کہ سیکیورٹی کے مجموعی اقدامات کی بذاتِ خود مانیٹرنگ کو یقینی بناتے ہوئے الیکشن کمیشن آف پاکستان کیجانب سے جاری کردہ ضابطہ اخلاق پرعمل درآمدکو تمام اسٹیک ہولڈرزکے اعتماد اور تعاون سے ممکن بنایا جائے تاکہ غیرجانبدارانہ اورشفاف الیکشن کے انعقادکویقینی بنایا جاسکے ۔

آئی جی سندھ نے ایس ایس پی لاڑکانہ کو ہدایات جاری کیں کہ تمام پولنگ اسٹیشنوں اورباالخصوص ممکنہ حساس پولنگ اسٹیشنوں پراضافی نفری کی تعیناتیوں سمیت اطراف اوراندرونی حصوں میں سوئپنگ,کلیئرنس کے علاوہ ایڈوانس انٹیلی جینس کلیکشن,رینڈم اسنیپ چیکنگ, گشت پکٹنگ,ریکی,نگرانی کے عمل کوبھی یقینی بنایا جائے تاکہ ضمنی الیکشن میں حصہ لینے والے امیدواران,ووٹرز, پولنگ اسٹاف وغیرہ کی سیکیورٹی کے مجموعی امورکوغیرمعمولی بنایا جاسکے ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہاکہ پولنگ کے عمل کے آغازتا اختتام اوربعداذاں بیلٹ باکسز کی مقررہ مقامات تک رسائی کے عمل کوہر لحاظ سے محفوظ اور فول پروف بنایاجائے اور اس حوالے سے پولنگ افسران/اسٹاف سے روابط کومربوط اور مؤثربنایا جائے ۔