Live Updates

ایران میں ہونےوالی ملاقاتیں مفید رہیں، کل سعودی عرب میں ہونے والی ملاقات بھی حوصلہ افزاتھی: وزیر خارجہ

اگر صدر ٹرمپ کو اس وقت دنیا میں کسی کی کال کا انتظار ہوگا تو وہ عمران خان کی کال کا ہوگا: شاہ محمود قریشی کی پریس کانفرنس

Usman Khadim Kamboh عثمان خادم کمبوہ بدھ 16 اکتوبر 2019 19:18

ایران میں ہونےوالی ملاقاتیں مفید رہیں، کل سعودی عرب میں ہونے والی ملاقات ..
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 16 اکتوبر2019ء) وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا ہے کہ ایران میں ہونےوالی ملاقاتیں مفید رہیں، کل سعودی عرب میں ہونے والی ملاقات بھی حوصلہ افزاتھی۔ انہوں نے کہا ہے کہ اگر صدر ٹرمپ کو اس وقت دنیا میں کسی کی کال کا انتظار ہوگا تو وہ عمران خان کی کال کا ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ ایران نے کہا کہ ڈائیلاگ کے لیے ذہنی طور پر تیار ہیں، وزیراعظم تہران گئے، ایرانی وزیرخارجہ، سینیر لیڈر شپ اور سپریم لیڈر سے انکی ملاقات ہوئی جو کہ مفید رہی۔

شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ ایران کے جذبات سعودی قیادت کے سامنے رکھے ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ ایران کے رہبر نے واضح کہا کہ مسئلہ کشمیر پر موقف میں کوئی تبدیلی نہیں آئی ہے۔

(جاری ہے)

دوسری جانب وزیراعظم عمران خان نے امریکہ ایران تعلقات میں بہتری آنے کی امید کا اظہار کیا ہے۔ امریکہ کے ساتھ ایران کے موجودہ تعلقات ایران کی طرف سے مشترکہ جامع لائحہ عمل جس کو ایران ایٹمی معاہدہ بھی کہا جاتا ہے، سے نکلنے کے بعد صدر ٹرمپ کی طرف سے دبائو ڈالنے کے سلسلہ میں لگائی گئی پابندیوں کے بعد کم ترین سطح پر آ ئے ہوئے ہیں ۔

وزیراعظم عمران خان نے ’’سی این این‘‘ پروگرام میں میزبان بیکی اینڈرسن کے ساتھ منگل کی شب مختصر انٹرویو میں کہا کہ ان کے دورہ امریکہ میں امریکی صدر نے انہیں (وزیراعظم) سے درخواست کی تھی کہ انہیں امریکہ اور ایران کے درمیان سہولت کاری کی کوشش کرنی چاہیے اور انہوں نے اپنے حالیہ دورہ ایران میں ایرانی صدر حسن روحانی سے امریکی پیش کش کے بارے میں بات کی ہے۔

انہوں نے کہا کہ جب تک دونوں اطراف سے کوئی جواب نہیں ملتا اس وقت تک میں زیادہ تفصیل سے بات نہیں کر سکتا۔عمران خان کا کہنا تھا کہ امریکا اور ایران کے درمیان تعلقات بہت زیادہ پیچیدہ ہیں تاہم دونوں ممالک کی قیادت صورت حال کو حقیقی معنوں میں سمجھ رہی ہیں۔امریکی صدر کے بارے میں وزیراعظم نے کہا کہ عوام اکثر ان پر تنقید کرتے ہیں تاہم میرا خیال ہے کہ ان کی جو بات مجھے پسند ہے وہ یہ ہے کہ ٹرمپ جنگ پر یقین نہیں رکھتے۔
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات