کشمیر پاکستان کی معاشی، جغرافیائی اور نظریاتی شہ رگ ہے، امیر جماعت اسلامی سینیٹر سراج الحق

بدھ 16 اکتوبر 2019 23:17

کشمیر پاکستان کی معاشی، جغرافیائی اور نظریاتی شہ رگ ہے، امیر جماعت ..
اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 16 اکتوبر2019ء) امیر جماعت اسلامی سینیٹر سراج الحق نی کہا ہے کہ کشمیر پاکستان کی معاشی، جغرافیائی اور نظریاتی شہ رگ ہے، مودی کا نظریہ اکھنڈ بھارت کا ہے وہ پاکستان پر قبضہ کرنے، مسلمانوں کو ہندو اور مساجد کو مندر بنانے کی باتیں کر رہا ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے اسلام آباد میں کشمیری خواتین کے کشمیر بچائومارچ سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

سراج الحق نے کہا کہ کشمیر کی آزادی کی جدوجہد ہمارا سیاسی ایجنڈا نہیں، ہم پاکستان اور عالم اسلام کا مقدمہ لڑ رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہندوستان اژدھا کی مانند ہے جس کی جارحیت سے پاکستان سمیت خطے کے تمام ممالک کو خطرہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ بین الاقوامی ادارے اور این جی اوز جانوروں کے حقوق کی بات کرتے ہیں مگر 80 لاکھ کشمیریوں کی چیخ و پکار انہیں سنائی نہیںدیتی۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہاکہ مشرقی تیمور اور جنوبی سوڈان کو چند ماہ میں مسلم ممالک سے الگ کردیا گیا مگر کشمیر پر مظالم ان کو نظر نہیں آتے۔ انہوں نے کہاکہ کشمیریوں نے ہر طرح کی قربانی دی اور کشمیر کا سات سال کا بچہ اور 80 سالہ بوڑھی ماں پتھروں سے بھارتی فوج کا مقابلہ کر رہی ہیں۔ نائب امیر جماعت اسلامی میا ں محمد اسلم نے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ 80 لاکھ کشمیری 73 دنوں سے یرغمال ہیں۔ کشمیر کے مسئلہ کو پس پشت ڈالا جارہاہے۔ میڈیا کو آج کے اصل مسئلہ کشمیر کو نمایاں کرنا چاہئے۔ امیر جماعت اسلامی آزاد کشمیر ڈاکٹر خالد محمود نے کہاکہ ہندو فوجی ہماری بیٹیوں کی عزتوں سے کھیل رہے ہیں۔