18اکتوبر کو مزارقائد پر وی آئی پی گیٹ کے پاس ہونے والا جلسہ تاریخی جلسہ ہوگا ،سعید غنی

ہم ان شہدا کی قربانی کو کسی صورت رائیگاں نہیں ہونے دیں گے ،وزیر اطلاعات سندھ کا اجلاس سے خطاب

بدھ 16 اکتوبر 2019 23:23

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 16 اکتوبر2019ء) وزیر اطلاعات و محنت سندھ اور پاکستان پیپلز پارٹی کراچی ڈویژن کے صدرسعید غنی نے کہا ہے کہ کراچی میں پیپلز پارٹی کی جانب سے 18 اکتوبر کو مزارقائد پر وی آئی پی گیٹ کے پاس ہونے والا جلسہ تاریخی جلسہ ہوگا اور اس جلسہ سے پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری خصوصی خطاب کریں گے۔ جلسہ گاہ کے اطراف ٹریفک کی روانی متاثر نہ ہو اور عوام کو کم سے کم پریشانی کاسامنا کرنا پڑے اس کے لئے تمام اقدامات کو بروئے کار لایا جارہا ہے۔

جلسہ گاہ کے اطراف کی سڑکوں کو عام ٹریفک کے لئے کھلا رکھا جائے گا جبکہ پیپلز پارٹی کے جانثاراں جلسہ گاہ کے اطراف ٹریفک کی روانی کو جاری رکھنے کے لئے موجود رہیں گے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے بدھ کے روز پیپلز سیکرٹریٹ میں منعقدہ اہم اجلاس اور بعد ازاں جلسہ گاہ اور اطراف کی سڑکوں کے دورے کے موقع پر کیا۔

(جاری ہے)

اس موقع پر پیپلز پارٹی سندھ کے نائب صدر راشد ربانی، جنرل سیکرٹری وقار مہدی، کراچی ڈویژن کے جنرل سیکرٹری جاوید ناگوری، نجمی عالم، سردار خان، محمد آصف خان، اقبال ساندھ، راشد خاصخیلی اور دیگر بھی موجود تھے۔

اس موقع پر ڈسٹرکٹ انتظامیہ کے اعلی افسران، ٹریفک پولیس، انٹیلی جنس کے افسران اور دیگر نے بھی اجلاس میں شرکت کی اور بعد ازاں جلسہ گاہ کا معائنہ کیا۔ اس موقع پر سعید غنی نے کہا کہ 18 اکتوبر 2007 کا دن کسی سانحہ سے کم نہیں تھا۔ انہوں نے کہا کہ اس دن ہمارے 165 سے زائد جانثاران بینظیر نے اپنی قائد کی جان کی حفاظت کرتے ہوئے جانوں کا نذرانہ دیا جبکہ 500 زائد جیالے اس سانحہ میں زخمی ہوئے۔

انہوں نے کہا کہ ہم ان شہدا کی قربانی کو کسی صورت رائیگاں نہیں ہونے دیں گے اور ان کی جمہوریت کے لئے خون کا جو نذرانہ پیش کیا ان کو ہمیشہ سنہری لفظوں میں یاد رکھا جائے گا۔ سعید غنی نے کہا کہ 18 اکتوبر 2019 کو ان شہدا کی یاد اور ملک میں جاری مہنگائی، بیروزگاری، عوام دشمن معاشی پالیسیوں اور موجودہ سلیکٹیڈ حکومت کی جانب سے تاجروں اور صنعتکاروں پر عائد ٹیکسز کی بھرمار کے خلاف چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کی جاری عوامی رابطہ مہم کے دوسرے مرحلے کا آغاز بھی ہوگا۔

سعید غنی نے کہا کہ جلسہ کی تیاریاں عروج پر پہنچ چکی ہیں اور جلسہ گاہ میں اسٹیج کی تیاریوں سمیت تمام اقدامات کا کام زور و شور سے جاری ہے۔ اس موقع پر پیپلز سیکرٹریٹ میں منعقدہ اعلی سطحی اجلاس میں پولیس، امن و امان کی بحالی کے دیگر اداروں کے اعلی اہلکاروں، ٹریفک پولیس اور انٹیلی جنس اداروں کے اعلی عملداروں نے شرکت کی اور جلسہ کی سیکورٹی اور روٹ سمیت دیگر پر تفصیلی غور و خوض کیا۔

اس موقع پر سعید غنی نے کہا کہ ہماری حتی المکان کوشش ہے کہ ٹریفک کی روانی کو کسی صورت متاثر نہ ہونے دیا جائے اور جلسہ گاہ کے اطراف کی سڑکوں پر ٹریفک کی روانی کو جاری رکھا جائے۔ انہوں نے کہا کہ جلسہ گاہ میں آنے والے تمام اضلاع کے جلوسوں اور شرکا کے لئے روٹ مختص کردئیے گئے ہیں جبکہ پارکنگ، میڈیا سمیت دیگر کے حوالے سے بھی تمام انتظامات کو حتمی شکل دے دی گئی ہے۔ سعید غنی نے کہا کہ جلسہ گاہ میں چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کے خصوصی خطاب میں وہ عوامی رابطہ مہم کے دوسرے مرحلے کے آغاز کے ساتھ ساتھ اپنے آئندہ کے لائحہ عمل کا بھی اعلان کریں گے۔