سرفراز احمد کو قومی کرکٹ ٹیم کی کپتانی سے ہٹانے کا حتمی فیصلہ

قومی ٹیم کے ہیڈ کوچ و چیف سلیکٹر نے ایم ڈی پی سی بی وسیم خان سے مشاورت کر لی، باقاعدہ اعلان چند روز میں متوقع

muhammad ali محمد علی بدھ 16 اکتوبر 2019 21:10

سرفراز احمد کو قومی کرکٹ ٹیم کی کپتانی سے ہٹانے کا حتمی فیصلہ
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 16 اکتوبر2019ء) سرفراز احمد کو قومی کرکٹ ٹیم کی کپتانی سے ہٹانے کا حتمی فیصلہ، قومی ٹیم کے ہیڈ کوچ و چیف سلیکٹر نے ایم ڈی پی سی بی وسیم خان سے مشاورت کر لی، باقاعدہ اعلان چند روز میں متوقع۔ تفصیلات کے مطابق سوشل میڈیا پر چند کرکٹ ویب سائٹس کی جانب سے ایک خبر شائع کی گئی ہے جس کے مطابق سرفراز احمد کو کپتانی سے ہٹانے کا حتمی فیصلہ کر لیا گیا ہے۔

کپتان سرفراز احمد کی کارکردگی گزشتہ 3 برس سے انتہائی مایوس کن ہے، جس باعث قومی ٹیم کے ہیڈ کوچ و چیف سلیکٹر سخت پریشان ہیں۔ جبکہ سری لنکا کی کمزور ٹیم سے ٹی ٹوئنٹی سیریز میں کلین سوئپ کے بعد سے مصباح الحق کے سرفراز احمد سے متعلق تحفظات مزید بڑھے ہیں۔ دعویٰ کیا جا رہا ہے کہ مصباح الحق نے سرفراز احمد کو کپتانی سے ہٹانے کیلئے ایم ڈی پی سی بی وسیم خان سے مشاورت مکمل کر لی ہے۔

(جاری ہے)

اس حوالے سے آئندہ چند روز میں اعلان متوقع ہے۔ مزید بتایا گیا ہے کہ قومی ٹیم کے ہیڈ کوچ مصباح الحق کپتان سمیت بعض کھلاڑیوں کے رویوں سے مایوس نظر آنے لگے ہیں۔ ذرائع کے مطابق پاکستان ٹیم کے ہیڈ کوچ مصباح الحق کی قومی ٹیم کے کپتان سرفراز احمد سمیت دیگر کھلاڑیوں کے رویوں سے مایوسی کی وجہ یہ بتائی گئی ہے کہ کھلاڑی ٹریننگ کے دوران جان چھڑانے کے لیے بہانے بازی کرتے ہیں۔

ذرائع کے مطابق اس سلسلے میں وہاب ریاض، عماد وسیم اور حارث سہیل کے نام لیے جا رہے ہیں ، سرفراز احمد نے بحیثیت کپتان ذمہ داری کا مظاہرہ نہیں کیا جس کی وجہ سے ہیڈ کوچ مصباح الحق کو مایوسی ہوئی۔ذرائع نے بتایا کہ مصباح الحق کو شکوہ ہے کہ کئی کھلاڑی ٹریننگ کے لیے سنجیدہ نہیں اور پلان کے مطابق ٹریننگ بھی نہیں کرتے۔ذرائع کے مطابق قومی ٹیم کے کھلاڑیوں میں پروفیشنل ازم کا فقدان ہے اور ٹریننگ میں ڈسپلن نہیں ہے۔

ذرائع کے مطابق مصباح الحق کو یہ بھی شکوہ ہے کہ ٹیم مینجمنٹ کی ہدایات پر عمل نہیں کیا جاتا۔ذرائع کا کہنا ہے کہ ہیڈکوچ مصباح الحق نے گزشتہ روز چیف ایگزیکٹو وسیم خان سے تفصیلی ملاقات کی جس میں مختلف معاملات زیر بحث بھی آئے۔ملاقات میں اتفاق کیا گیا کہ جو کھلاڑی مکمل فٹ اور فارم میں نہیں اٴْن کی جگہ نئے نوجوان کھلاڑیوں کو شامل کیا جائے، خواہ حریف آسٹریلیا ہی کیوں نا ہواس سلسلے میں مصباح الحق فیصل آباد میں نیشنل ٹی ٹوئنٹی کپ میں کھلاڑیوں کی کارکردگی کا جائزہ لیں گے۔پی سی بی کا مصباح الحق کی مایوسی کی خبروں کے حوالے سے کہنا ہے کہ ایسا سب میڈیا سے ہی سن رہے ہیں، ہمارے پاس اس حوالے سے کچھ نہیں پہنچا۔