اسلام آباد ہائیکورٹ نے مولانا فضل الرحمان کا دھرنا روکنے کے لئے دائر درخواست نمٹا دی

بدھ 16 اکتوبر 2019 23:46

اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 16 اکتوبر2019ء) اسلام آباد ہائیکورٹ نے جمعیت علماء اسلام ف کے سربراہ مولانا فضل الرحمان کا دھرنا روکنے کے لئے دائر درخواست ہدایت کے ساتھ نمٹا دی ہے۔بدھ کو عدالت عالیہ کے چیف جسٹس اطہر من اللہ نے درخواست پر سماعت کی۔چیف جسٹس اطہر من اللہ نے کہا کہ ضلعی انتظامیہ قانون کے مطابق مولانا فضل الرحمان کی درخواست پر فیصلہ کرے، انتظامیہ احتجاج کرنے اور نہ کرنے والے تمام شہریوں کے حقوق کا تحفظ کرے، یہ ریاست کا کام ہے کہ شہریوں کے جو حقوق ہیں انکا تحفظ کرتی ہے۔

درخواست گزار وکیل نے عدالت میں موقف اختیار کیا کہ بادی النظر میں دھرنے اور احتجاج کا اعلان کرنے والوں کی نیت ٹھیک نہیں لگ رہی ۔چیف جسٹس اطہر من اللہ نے کہا کہ انتظامیہ کو درخواست دی گئی ہے اس پر قانون کو مدنظر رکھتے ہوئے فیصلہ کیا جائے گا۔

(جاری ہے)

چیف جسٹس اطہر من اللہ نے درخواست گزار وکیل سے استفسار کیا کہ کیا آپ حکومت کی طرف سے دلائل دے رہے ہیں۔ایڈووکیٹ ریاض حنیف راہی نے کہا کہ اس دھرنے سے میرے حقوق متاثر ہونگے ۔چیف جسٹس اطہر من اللہ نے کہا کہ میں انتظامیہ ہوں نہ آپ، انتظامیہ کو انکا کام کرنے دیں،آپ عوامی فلاح کی درخواستیں دیتے ہیں، ایک درخواست مقامی عدالتوں کی حالت زار سے متعلق بھی دیں۔ عدالت نے درخواستیں ہدایت کے ساتھ نمٹا دیں۔