کراچی ،ٹرانسپورٹرز کے احتجاج کے دوران فائرنگ ، تین افراد جاں بحق، متعدد زخمی ہوگئے

بدھ 16 اکتوبر 2019 23:52

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 16 اکتوبر2019ء) سپرہائی وے کے مقام کاٹھور لنک روڈ پر فائرنگ سے تین افراد جاں بحق اور متعدد زخمی ہوگئے، متوفیان کا پوسٹ مارٹم مکمل ہونے کے بعد لاشیں ایدھی سرد خانے منتقل کردی گئیں۔ لاٹھی چارج سے متعدد افراد زخمی بھی ہوئے۔ واقعہ کے بعدکاٹھورموڑ،لنک روڈاور سپرہائی وے پر احتجاج کے باعث ٹریفک جام ہوگیا۔

تفصیلات کے مطابق کراچی میں سپرہائی وے کاٹھور کے مقام پر گڈز ٹرانسپورٹرز نے احتجاج کیا ۔مظاہرین پر لاٹھی چارج سے متعدد افراد زخمی ہوگئے۔ اسی دوران فائرنگ سے تین افراد کی افراد کی جان بھی چلی گئی۔ریسکیو اداروں نے لاشوں اور زخمیوں کو جناح اسپتال منتقل کیا۔سینئر ڈائریکٹر جناح اسپتال سیمی جمالی کے مطابق دو جاں بحق افراد کی شناخت نیاز اور محمد ایوب کے نام سے ہوئی ہے۔

(جاری ہے)

واقعہ کے بعدکاٹھورموڑ،لنک روڈاور سپرہائی وے پراحتجاج کے باعث ٹریفک جام ہوگیا۔ اور گاڑیوں کی کئی کلومیٹر طویل قطاریں لگ گئیں۔سپرہائی وے پر ہیوی ٹریفک اور مسافر بسیں بھی پھنس گئیں۔ بیرون شہر سے آنے والے مسافروں کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔صورتحال کو کنٹرول کرنے کے لئے پولیس اور رینجرز کی نفری وہاں پہنچ گئی ۔ آئی جی سندھ نے واقعہ کا نوٹس لیتے ہوئے ایس ایس پی ملیر سے تفصیلات طلب کرلی ہیں۔

انہوں نے ہدایت کی کہ واقعہ میں ملوث ملزمان کے خلاف قانونی کاروائی کو یقینی بنایا جائے۔اس موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ٹرانسپورٹرز نے بتایاکہ سپر ہائی وے پر زائد وزن پر ہزاروں گاڑیاں روکی گئی تھیں، چیکنگ کے نام پر کبھی ایک روٹ بند کیا جاتا ہے تو کبھی دوسرا۔پیسے دینے والوں کی گاڑیوں کو چھوڑ دیا جاتا ہے، ٹرانسپورٹرز کے مطابق5دن سے کھڑی گاڑیوں کے ڈرائیورز کو ڈرانے کیلئے ہوائی فائرنگ کی گئی، ہوائی فائرنگ ہونے پر ٹرانسپورٹرز نے پتھرائو کیا، پتھرائو کے بعد کی گئی فائرنگ سے تین افراد جاں بحق ہوئے۔

بعد ازاں کاٹھورلنک روڈ پر فائرنگ سے جاں بحق تین افراد کا پوسٹمارٹم مکمل کرلیا گیا، ڈاکٹرپردیپ کے مطابق تینوں افراد کو ایک، ایک گولی لگی جو وجہ موت بنی، گولی3سی4فٹ کی دوری سے لگی، گولی کا زخم بظاہر بڑے ہتھیار کا لگتا ہے، پوسٹ مارٹم مکمل ہونے کے بعد لاشیں ایدھی سرد خانے منتقل کردی گئیں۔