امریکہ نے ایران پر سائبر اٹیک کردیا

حملے کے نتیجے میں ایران کے فزیکل ہارڈوئیر کو نقصان پہنچا

Sajjad Qadir سجاد قادر جمعرات 17 اکتوبر 2019 06:25

امریکہ نے ایران پر سائبر اٹیک کردیا
واشنگٹن ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 17 اکتوبر2019ء)   ایسے لگتا ہے کہ جیسے ایران امریکا کے اعصاب پر سوار ہے یہی وجہ ہے کہ کئی دہائیوں سے اس نے لگاتار ایران پر پابندیاں عائد کر رکھی ہیںتاہم معاشی و اقتصادی پابندیوں کے باوجود ایران نے امریکا کے آگے نہ جھکنا تھااور نہ ہی جھکا۔معاملات اس حد تک بڑھ چکے ہیں کہ امریکا نے سعودی عرب اور ایران کو آمنے سامنے لا کھڑا کیا ہے۔

گزشتہ ماہ سعودی عرب کی آئل تنصیبات پر کیا جانے والا حملہ بھی ایران کے سر تھوپا گیا ہے جس سے ایران نے انکار کیا ہے کہ اس نے یہ حملہ نہیں کیا مگر سعودی اور امریکا مل کر اس الزام پر ڈٹے ہوئے ہیں۔ سعودی تنصیبات پر حملے کے بعد امریکہ نے ایران پر سائبر اٹیک کیا۔جس کے نتیجے میں امریکا کا یہ ماننا ہے کہ اسے خاصی کامیابی حاصل ہوئی ہے۔

(جاری ہے)

غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق دو امریکی حکام نے نام ظاہرنہ کرنے کی شرط پر بتایا کہ سعودی عرب کی آئل فیلڈ پر 14 ستمبر کو ہونے والے حملے کے بعد امریکا نے ایران پر سائبر حملہ کیا تھا۔

امریکی حکام کے مطابق سائبر آپریشن ستمبر کے آخر میں کیا تھا۔ جس کا مقصد ایران کے پروپیگنڈہ پھیلانے کی صلاحیت کو ٹارگٹ کرنا تھا۔ایک امریکی اہلکار نے بتایا کہ سائبر حملے سے ایران کے فزیکل ہارڈویئر کو نقصان پہنچا تاہم اس اہلکار کی جانب سے اس حوالے سے مزید کسی قسم کی معلومات فراہم نہیں کی گئیں۔غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق سائبر حملہ اس بات کو واضح کرتا ہے کہ ٹرمپ انتظامیہ کیسے ایران کو قابو کرنے کی کوشش کر رہی ہے۔

خیال رہے کہ گزشتہ ماہ 14 ستمبر کو سعودی عرب کی سرکاری آئل فیلڈز کے دو یونٹس پر ڈرون حملے کئے گئے تھے جس کا الزام سعودی عرب اور امریکا نے ایران پر عائد کیا تھا جب کہ ایران نے ان تمام الزامات کو مسترد کر دیا تھا۔امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا تھا کہ امریکا کے پاس تمام شواہد موجود ہیں کہ سعودی آئل فیلڈ پر حملہ ایران سے کیا گیا جس کے ردعمل میں ایران کا کہنا تھا کہ اگر سعودی عرب یا امریکا کی جانب سے ایران پر حملہ کیا گیا تو پھر بھرپور جنگ ہو گی۔