ریاض میں ونٹر ونڈر لینڈ کا افتتاح 20 اکتوبر کو کیا جا رہا ہے

موسم سرما سے مخصوص سنو پارک کی تعمیر بھی جلد کر لی جائے گی

Muhammad Irfan محمد عرفان جمعرات 17 اکتوبر 2019 10:19

ریاض میں ونٹر ونڈر لینڈ کا افتتاح 20 اکتوبر کو کیا جا رہا ہے
ریاض(اُردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین۔17 اکتوبر2019ء) سعودی شہر ریاض میں عالمی معیار کے تفریحی پارک ونٹر ونڈر لینڈ کا افتتاح 20 اکتوبر کو کیا جا رہا ہے۔ ایک سعودی اخبار کے مطابق اس تفریحی پارک کے پراجیکٹ ڈائریکٹر ایڈورڈ مِلرز نے بتایا کہ اُن کی ٹیم اس منصوبے کوجلد از جلد مکمل کرنے میں کامیاب ہو چکی ہے۔ جس کی ہمیں بہت خوشی ہے۔ اس ونٹر پارک میں آنے والوں کو پُرکشش جھولے اور آئس اسکیٹنگ سے بھی محظوظ ہونے کا موقع مِلے گا۔

جبکہ شائقین پینگوئن کی دلفریب حرکتوں سے بھی لطف اندوز ہو سکیں گے۔ اس ونڈر لینڈ میں روزانہ 40 ہزار افراد کے تفریح منانے کی گنجائش رکھی گئی ہے۔ دُنیا بھر سے درجنوں قسم کے نایاب جھولے یہاں لا کر نصب کیے جا رہے ہیں۔ جبکہ سرمائی کھیلوں کے انعقاد کے لیے 300 کنٹینرز میں سامان پہنچ چکا ہے۔

(جاری ہے)

اس پراجیکٹ پر اس وقت 250 سے زائد کارکنان کام میں مصروف ہیں۔

ایڈورڈ مِلر نے ان نایاب جھولوں کی تنصیب کو ایک پہاڑ کی چوٹی سر کرنے جیسا مشکل کام قرار دیا۔ واضح رہے کہ دُنیا کا سب سے بڑا تفریحی پارک بھی ریاض میں ہی تعمیر کیا جا رہا ہے۔ یہ منفرد پارک ریاض سے 40 کلو میٹر دُور القدریہ کے علاقے میں 32 ہیکٹر رقبے پر بسایا جا رہا ہے جسے 2023ء تک تکمیل کے بعد عوام کے لیے کھول دیا جائے گا۔ جبکہ 2030ء تک اس کی مزید توسیع کی جائے گی جس کے بعد اس کا کُل رقبہ 334 مربع کلو میٹر تک پہنچ جائے گا۔

اس منصوبے کے باعث 800کے قریب افراد کو روزگار بھی میسر ہو گا۔اس پارک میں واٹر پارکس، موٹر سپورٹس اور دیگر ثقافتی پروگرامز کا انعقاد بھی ہوا کرے گا۔عرب نیوز کی جانب سے بتایا گیا ہے کہ اس تھیم پارک میں ایک اور شاندار منصوبہ بھی شروع کیا جا رہا ہے ۔ وہ یہ ہے کہ یہاں پر دُنیا کی سب سے اُونچی، تیز ترین اور لمبی رولر کوسٹر بھی چلائی جائے گی۔ اس کے علاوہ بھی اس پارک میں مختلف نوعیت کے 28 جھولے اور سرگرمیاں ہوں گی۔ القدیہ کا یہ تفریحی پارک امریکی کمپنی سگس فلیگز چلائے گی جو اس وقت امریکا میں 26 سے زائد تفریحی مراکز چلا رہی ہے۔

متعلقہ عنوان :