سفر کرنا شادی سے ہزار درجے بہتر ہے

49 فیصد لوگوں کا کہنا ہے کہ ہمیں سفر کرکے شادی کے دن سے زیادہ خوشی ہوئی

Sumaira Faqir Hussain سمیرا فقیرحسین جمعرات 17 اکتوبر 2019 10:53

سفر کرنا شادی سے ہزار درجے بہتر ہے
لاہور (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 17 اکتوبر 2019ء) : شادی کا دن ہر انسان کی زندگی میں نہایت اہمیت کا حامل ہوتا ہے۔ اس دن کے لیے انسان لڑکپن کے زمانے سے ہی کئی خواب اپنی آنکھوں میں سجا لیتا ہے اور اس اہم ترین دن کا انتظار کرتا ہے لیکن حال ہی میں ہونے والی تحقیق کے مطابق ایک اور کام بھی ہے جو شادی سے نہ صرف ہزار درجے بہتر ہے بلکہ اسے کرنے سے شادی سے زیادہ خوشی محسوس ہوتی ہے۔

جی ہاں! دنیا میں ایک ایسا کام بھی ہے جسے کرنے سے شادی سے زیادہ خوشی ملتی ہے۔ حال ہی میں بُکنگ ڈاٹ کام کی جانب سے کی گئی تحقیق کے مطابق سفر کرنا شادی کرنے سے بہتر ہے بلکہ یہ شادی سے ہزار درجے زیادہ خوشیاں لاتا ہے۔ اس تحقیق کا نتیجہ 17 ممالک کے 17 ہزار شہریوں سے تحقیق کرکے اخذ کیا گیا۔ تحقیق کے دوران حیران کن طور پر 49 فی صد لوگوں کا کہنا تھا کہ ہمیں شادی کے دن سے زیادہ خوشی سفر کرنے کی ہوئی۔

(جاری ہے)

سروے میں شامل آدھے لوگوں نے کہا کہ جب ہم نے نئے مقامات کا سفر کیا تو خود کو جذباتی طور پر زیادہ بہتر محسوس کیا بہ نسبت اس دن کے جب ہماری شادی ہوئی تھی جب کہ قریباً 29 فی صد لوگوں کا کہنا تھا کہ سفر کرکے انہوں نے والدین بننے سے بھی زیادہ خوشی محسوس کی۔ جب انہی لوگوں کو خوشیاں دینے والی سرگرمیوں کی درجہ بندی کرنے کا کہا گیا تو 70 فی صد افراد کا کہنا تھا کہ سفر کرنا انہیں مادی اشیا خریدنے سے زیادہ خوشی فراہم کرتا ہے۔

56 فی صد افراد کا کہنا تھا کہ وہ سفر کرنے کے لیے گیجٹس اور نئے کپڑے نہ خریدنے کی قربانی بھی دے سکتے ہیں۔ واضح رہے کہ نئی نئی جگہوں کا سفر کرنا انسان کو بے حد خوشی میسر آنے کا ایک ذریعہ ہوتا ہے ، یہی وجہ ہے کہ ملک کے امیر ترین لوگ بھی اپنے بڑے بڑے محلوں میں رہنے کی بجائے دنیا کی سیر کو نکل جاتے ہیں۔

متعلقہ عنوان :