متحدہ عرب امارات میں مقیم غیر مُلکی بچی اپنی سالگرہ کے روز دُنیا سے چلی گئی

بھارت سے تعلق رکھنے والی بچی العین کے توام ہسپتال میں کئی دِنوں سے زیر علاج تھی

Muhammad Irfan محمد عرفان جمعرات 17 اکتوبر 2019 10:54

متحدہ عرب امارات میں مقیم غیر مُلکی بچی اپنی سالگرہ کے روز دُنیا سے ..
ابوظہبی (اُردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین۔17 اکتوبر2019ء) والدین کو اپنی اولاد بہت پیاری ہوتی تھی، خصوصاً چھوٹے بچوں پر تو وہ اپنی جان چھڑکتے ہیں۔ ماں باپ کی خوشیوں میں سے ایک بڑی خوشی اپنے بچے بچیوں کی سالگرہ منانا ہوتی ہے۔ اس دِن وہ خصوصی اہتمام کر تے ہیں اوربچوں کے دوستوں سہیلیوں اور اپنے رشتہ داروں کو بھی بُلا کر شاندار طریقے سے سالگرہ کا کیک کاٹتے ہیں۔

تاہم متحدہ عرب امارات میں مقیم بھارتی والدین اس وقت شدید سوگ کی حالت میں ہیں جن کی 12 سالہ بچی عین اُنہیں اُسی روز دُنیا سے چھوڑ کر چلی گئی، جس دِن وہ اس دُنیا میں آئی تھی اور اُس کی 12ویں سالگرہ کا کیک کاٹا جانا تھا۔ تفصیلات کے مطابق بھارتی ریاست کیرالا سے تعلق رکھنے والی 12 سالہ بچی مہیما سُوسن شجی کا طویل عرصے تک بیمار رہنے کے بعد 15 اکتوبر بروز منگل انتقال ہو گیا، یوں اُس کی پیدائش کا روز ہی اُس کی موت کا دِن بن گیا۔

(جاری ہے)

مہیما ابوظہبی انڈین اسکول کی طالبہ تھی، جو کچھ عرصہ قبل بیمار پڑ گئی تھی، جس کی خراب صحت کے پیش نظر اُسے العین کے توام ہسپتال میں منتقل کیا گیا۔ مگر وہ زندہ نہ رہ سکی۔ مہیما کے والد شجی چیکو ڈینیل گزشتہ 20 سال سے ابو ظہبی میں مقیم ہیں۔ اُن کا کہنا تھا کہ ہم تو اپنی بچی کی سالگرہ منانے کے انتظار میں تھے، کیا خبر تھی کہ قسمت ہمارے ساتھ ایسا گھناؤنا مذاق کرے گی کہ اُس کی پیدائش کا روز ہی ہمارے لیے خوشیاں لانے کی بجائے زندگی کے سوگوار ترین دِن میں بدل جائے گا۔ ہماری بچی ہمارے دیکھتے ہی دیکھتے دُنیا سے اپنی سالگرہ والے روز ہی دُنیا سے رخصت ہو گئی۔