چہلم حضرت امام حسینؑ کے موقع پر موبائل فون سروس بند کرنے کا فیصلہ

لاہور سمیت پنجاب کے 35 اضلاع میں موبائل فون سروس جُزوی طور پر بند ہو گی

Sumaira Faqir Hussain سمیرا فقیرحسین جمعرات 17 اکتوبر 2019 11:17

چہلم حضرت امام حسینؑ کے موقع پر موبائل فون سروس بند کرنے کا فیصلہ
لاہور (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 17 اکتوبر 2019ء) : حضرت امام حسینؑ کے چہلم کے موقع پر موبائل فون سروس بند کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ تفصیلات کے مطابق چہلم حضرت امام حسینؑ کے موقع پر موبائل فون سروس بند رکھی جائے گی۔ لاہور سمیت پنجاب کے 35 اضلاع میں موبائل فون سروس جُزوی طور پر بند رکھی جائے گی۔ خیال رہے کہ پاکستان میں چہلم حضرت امام حسینؑ اتوار 20 اکتوبرکو ہے۔

اس حوالے سے چہلم حضرت امام حسینؑ کے موقع پرسکیورٹی انتظامات کے لیے اہم اجلاس منعقد کیا گیا۔ اجلاس کے دوران چہلم حضرت امام حسینؑ کے حوالے سے سکیورٹی پلان کا جائزہ لیا گیا تاکہ کسی بھی ممکنہ دہشتگردی سے مؤثر انداز میں نمٹا جا سکے۔ اجلاس میں یہ فیصلہ کیا گیا کہ چہلم حضرت امام حسینؑ کے دوران منعقد کی جانے والی مجالس اور جلوسوں کے ساتھ ساتھ حساس تنصیبات کی سکیورٹی کو بھی یقینی بنایا جائے گا۔

(جاری ہے)

اس موقع پر قانون نافذ کرنے والے اداروں نے امن و امان کی صورتحال کو یقینی بنانے اور اسٹریٹ کرائم کے تدارک کے حوالے سے مرتب کی گئی حکمت عملی کا بھی ازسرنو جائزہ لیا۔ اور عوام سے اپیل کی گئی کہ امن و امان قائم رکھنے کے لیے مروجہ قوانین اور ضابطہ اخلاق کی پاسداری کریں اور قانون نافذ کرنے والے اداروں سے بھر پور تعاون کرتے ہوئے شر پسند عناصر، مشکوک سرگرمی اور ناخوشگوار واقعہ کی اطلاع فوری طور پر قانون نافذ کرنے والے اداروں کودیں۔