وزیر اعظم کے استعفے کا مطالبہ مضحکہ خیز،مولاناکی خواہشیں ان کے سینے میں ہی دم توڑ جائینگی ‘ مسرت جمشید چیمہ

جے یو آئی تقریباً50نشستوں پر انتخاب لڑتی ہے اس سے تو ان کا وزیر اعظم نہیںبن سکتا ‘ چیئر پرسن قائمہ کمیٹی داخلہ

جمعرات 17 اکتوبر 2019 13:22

وزیر اعظم کے استعفے کا مطالبہ مضحکہ خیز،مولاناکی خواہشیں ان کے سینے ..
لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 17 اکتوبر2019ء) چیئر پرسن قائمہ کمیٹی برائے داخلہ مسرت جمشیدچیمہ نے مولانافضل الرحمان کی جانب سے وزیر اعظم کے استعفے تک مذاکرات سے انکارکو مضحکہ خیز قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ ان کی ساری خواہشیں ان کے سینے میں ہی دم توڑ جائیں گی ، جے یو آئی(ف) عام انتخابات میںملک بھر میں تقریباً50نشستوں پر انتخاب لڑتی ہے اس سے تو ان کا وزیر اعظم نہیںبن سکتا ۔

اپنے بیان میں انہوں نے کہا کہ مولانافضل الرحمان آج تک اپنے آزادی مارچ کا جواز نہیںبتاسکے ،مولانافضل الرحمان جس طرح خشک خوراک سمیت دیگرتیاریاں کر رہے ہیں اس پر عوام تشویش میںمبتلاہیں ۔ حکومت نے جے یو آئی (ف) کے مطالبات سے آگاہی کیلئے کمیٹی تشکیل دیدی ہے لیکن مولانا فضل الرحمان کی ’’ میںنہ مانوں‘‘کی رٹ اوروزیر اعظم کے استعفے کی بات انتہائی مضحکہ خیز ہے ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ ملک میں جب بھی کوئی وزیر اعظم بنتاہے تو مولانا فضل الرحمان کے دل میں بھی خواہش مچلتی ہے لیکن ہر بار کی طرح اس بار بھی انکی ساری خواہشیں ان کے سینے میںہی دم توڑ جائیں گی ۔ مولانافضل الرحمان نے سار ی زندگی دوسروںکو عارضی سہارے کے عوض اپنا حصہ وصول کیا ہے لیکن اس بار وہ بڑا ہاتھ مارنے کیلئے کوشاںہیں۔ مسرت جمشیدچیمہ نے کہاکہ مولانافضل الرحمان کے نام نہاد آزادی مارچ کی سر گرمیوں پر ہمارے دشمن ملک میں بغلیں بجائی جارہی ہیں اس لئے ذاتی مفادات کو کچھ وقت کیلئے پس پشت ڈال دیا جائے ۔