Live Updates

مولانا کا معاملہ بلی کے خواب میں چھیچھڑے جیسا ہے،فواد چوہدری

مولانا کا مطالبہ کیا ہے ہمیں اس پر ریسرچ کرنی چاہیے، ہم آلو مٹر بیچ کر معیشت کو سہارا نہیں دے پائیں گے، پاکستان کو عمران خان کی لیڈر شپ پر فخر ہونا چاہئے، وفاقی وزیر کا خطاب ،میڈیا سے گفتگو

جمعرات 17 اکتوبر 2019 14:19

مولانا کا معاملہ بلی کے خواب میں چھیچھڑے جیسا ہے،فواد چوہدری
راولپنڈی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 17 اکتوبر2019ء) وفاقی وزیر سائنس اینڈ ٹیکنالوجی فواد چوہدری نے کہا ہے کہ مولانا کا معاملہ بلی کے خواب میں چھیچھڑے جیسا ہے،مولانا کا مطالبہ کیا ہے ہمیں اس پر ریسرچ کرنی چاہیے، ہم آلو مٹر بیچ کر معیشت کو سہارا نہیں دے پائیں گے، پاکستان کو عمران خان کی لیڈر شپ پر فخر ہونا چاہئے۔جمعرات کو ایرڈ ایگریکلچر یونیورسٹی راولپنڈی میں ورکشاپ سے خطاب کرتے ہوئے فواد چوہدری نے کہاکہ کینڈا کا شکر گزار ہوں جو ہمارے ساتھ سائنس کی فیلڈ میں مدد کر رہا ہے،ایرڈ یونیورسٹی نے طلبہ و حکومت کے درمیان ایک پل کا کردار ادا کیا۔

فواد چوہدری نے کہاکہ طیب اردگان نے کہا کہ 47 میں وہ پاکستان کو دیکھا کرتے تھے، 1952 میں جنوبی پاکستان لیبارٹری کی بنیاد رکھی۔

(جاری ہے)

انہوںنے کہاکہ 1962 میں ڈاکٹر عبدالسلام کی مہربانی سے اسپیس ٹیکنالوجی کی بنیاد رکھی، روس کے بعد ہم دوسرا ملک تھے جس نے خلا پر کام کیا اور پھر پانی پر کام کیا۔انہوںنے کہاکہ ہم لوگ افغان جنگ میں پھنس گئے اور اپنے حدف سے دور ہوگئے، عقل و شعور پر بنیاد رکھی جائیگی تو ہی آگے جاسکتے ہیں۔

انہوںنے کہاکہ اس ملک کی ستر فیصد نوجوان آبادی ہماری امید ہے، وزیراعظم اور آرمی چیف سے کہا کہ سیٹھوں کی جگہ نوجوانوں سے زیادہ ملا کریں۔انہوںنے کہاکہ جب منسٹر برائے سائنس و ٹیکنالوجی بنا تو حالات اچھے نہیں تھے، یونیورسٹی کو علم ہی نہیں ہوتا کہ ریسرچ کرنے کے بعد کیا کرنا ہی ۔ انہوںنے کہاکہ ماڈرن سیٹ اپ میں معیشت کو نجی سیکٹر آگے لے کر جاتا ہے، حکومت اپنے آپ کو اس سے الگ رکھا کرتی ہے۔

انہوںنے کہاکہ دنیا بھر میں یونیورسٹیوں کا بجٹ ہمارے ملک سے زیادہ ہے، وزیراعظم نے ایچ ای سی کو احکامات دئیے کہ یونیورسٹیوں کو کاروبار کی اجازت دی جائے۔ انہوںنے کہاکہ ہر ادارہ حکومتی امداد کے انتظار کے لیے بیٹھا ہوتا ہے، ہمارے پاس پیسے کم ہوتے ہیں۔ انہوںنے کہاکہ گزشتہ حکومتوں نے بہت پیسے ضائع کیے، حیران ہوں کیسے کیسے منصوبے بنائے گئے، اب پاکستان میں نئی ریسرچ اور ٹیکنالوجی آرہی ہے۔

انہوںنے کہاکہ نوجوانوں سے امید ہے زراعت کو ماڈرن بنائیں گے، ہم چھوٹی چھوٹی چیزوں سے آگے نہیں جا سکتے،ہمیں بڑے اقدامات کرنے ہونگے۔فواد چوہدری نے کہاکہ میں نے کہا حکومت نوکریاں نہیں دے سکتی تو شور مچ گیا، معیشت میں پرائیویٹ سیکٹر کردار ادا کرتا ہے، نوکریاں بھی پرائیویٹ سیکٹر پیدا کرتا ہے، جو بندہ معیشت کی اے بی سی بھی جانتا ہے اسے پتا ہے معیشت پرائیویٹ سیکٹر سے چلتی ہے۔

بعد ازاں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے فواد چوہدری نے کہاکہ سمجھ نہیں آرہی مولانا صاحب کا مطالبہ کیا ہی ہمیں اس پر ریسرچ کرنی چاہئے۔ انہوںنے کہاکہ مولانا صاحب کو چاہیے سیاستدانوں والا رویہ اختیار کریں، ڈنڈوں سے کوئی بھی نہیں ڈریگا۔ انہوںنے کہاکہ پاکستان کو عمران خان کی لیڈر شپ پر فخر ہونا چاہئے،عمران خان کا کردار عالمی سیاسی منظر نامے پر آرہا ہے۔ صحافی نے سوال کیاکہ مولانا کا مطالبہ ہے عمران خان استعفیٰ دیں ۔ فواد چوہدری نے جواب دیا کہ اردو کا محاورہ ہے بلی کے خواب میں چھیچھڑے۔
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات