وائلڈ لائف پارک جوہر آباد میں دوبارہ کام کی تکمیل کے لئے 3 کروڑ 14 لاکھ 20ہزار کے فنڈز کی منظور ی

جمعرات 17 اکتوبر 2019 14:57

سرگودھا(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 17 اکتوبر2019ء) وائلڈ لائف پارک جوہر آباد میں دوبارہ کام کی تکمیل کے لئے 3 کروڑ 14 لاکھ 20ہزار کے فنڈز کی منظور ی دیتے ہوئے ایک ماہ میں مکمل کر کے عوام کے لیے کھول دینے کا فیصلہ کر لیا گیا۔زرائع کے مطابق وائلڈ لائف کے کام کے آغاز اور فنڈز کی منظور ی ایم پی اے ساجدہ بیگم کی کاوشوں کا نتیجہ ہے۔

جن کی ذاتی دلچسپی سے وائلڈ لائف پارک جوہرآباد میں ترقیاتی کاموں کے لیے 3 کروڑ 14 لاکھ 20 ہزار روپے کے فنڈز منظورہوتے ہی پارک میں ترقیاتی کام کا آغاز کر دیاگیا-اس موقع پر ایم پی اے ساجدہ بیگم نے کہا کہ یہ ضلع خوشاب کی عوام کے دیرینہ مطالبہ پورا کرنے کے لئے وزیر اعلیٰ پنجاب سے وائلڈ لائف پارک کے بقیہ کام کی منظوری حاصل کی گئی ہے یہ پارک ضلع خوشاب کے لئے موجودہ حکومت کا تحفہ ہے -انہوں نے وزیر اعلیٰ پنجاب کا شکریہ ادا کیا اور آئندہ بھی وزیراعلیٰ پنجاب سے ضلع کے عوام کے لیے مزید توقعات کا اظہار کیا - ایم پی اے ساجدہ بیگم وائلڈ لائف پارک جوہرآباد کا معائنہ کیا اور ترقیاتی کام کے جائزہ اجلاس کی صدارت کی۔

(جاری ہے)

وائلڈ لائف پارک کے معائنہ کے دوران بتایا گیا کہ ڈپٹی کمشنر مسرت جبیں اور وائلڈ لائف آفیسر عامر خان نیازی نے بھی پارک کے کام کا دوبارہ آغاز کرنے کے لیے خصوصی کاو شیں کیں -ایکسیئن بلڈنگز نے بتایا کہ یہ پارک تقریبا ً 58 ایکٹررقبہ پر محیط ہے پارک کے کام کا آغاز 2015 میں شروع کیا گیا تھا -جون 2017 تک اس پارک کے کاموں پر17 کروڑ 42 لاکھ 56 ہزار روپے خرچ ہوئے اور اب نامکمل کاموں کا دوبارہ آغاز کیا جا رہا ہے -ڈسٹرکٹ وائلڈ لائف آفیسر عامر خان نیازی نے بتایا کہ یہ سکیم فنڈز کی عدم دستیابی کی وجہ سے تقریباً اڑھائی سال رٴْکی رہی، اب فنڈز کی منظوری ہوتے ہی کام کا آغاز کردیا گیا ہی-انہوں نے بتایا کہ اس سکیم کو موجود ہ مالی سال جون 2020 ئ تک مکمل کیا جانا ہے تا ہم ڈپٹی کمشنر خوشاب کی ہدایت پر اسے جلد از جلد ایک ماہ میں مکمل کر کے عوام کی تفریح کے لیے کھول دیا جائیگا -انہوں نے بتایا کہ عوام کی دلچسپی کے لیے پارک میں مزید پر ندوں اور جانوروں کی دستیابی کو یقینی بنایا جائیگا -ڈسٹرکٹ وائلڈ لائف آفیسر عامر خان نیازی نے ایم پی اے ساجدہ بیگم اور ڈپٹی کمشنر کو پارک کا معائینہ کروایا اور پارک میں صفائی ستھرائی اور جٹر ی بوٹیوں کی تلفی کے بارے بریفنگ دی۔

میٹنگ کے دوران پارک میں پانی کی دستیابی کے لیے پبلک ہیلتھ کے ساتھ گفت وشنید کرنے، فیزٹو کے لیے پی سی ون بنانے،پارک کو ہینڈ اوور کرنے کے بعد اس کی مرمت اورتزین وآرائش کے ایشوزاور دیگر امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔