''رات کے اوقات میں خواتین کالز کرتی ہیں اور گپ شپ لگانے کا کہتی ہیں''

ریسکیو حکام نے شہریوں کی جانب سے موصول ہونے والی کالز کا احوال بتا دیا

Sumaira Faqir Hussain سمیرا فقیرحسین جمعرات 17 اکتوبر 2019 14:50

''رات کے اوقات میں خواتین کالز کرتی ہیں اور گپ شپ لگانے کا کہتی ہیں''
پشاور (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 17 اکتوبر 2019ء) : ریسکیو 1122 کی سہولت کو شہریوں کو بروقت طبی امداد پہنچانے اور شہریوں کی مدد کے لیے متعارف کروایا گیا تھا۔ لیکن کچھ شرارتی شہریوں نے اس نمبر کو بھی شغل کے لیے استعمال کرنا شروع کر دیا۔ حال ہی میں ایک انٹرویو کے دوران خیبرپختونخواہ میں ریسکیو 1122 کے ترجمان عروج شیرازی نے ان بے معنی اور فیک کالز کی بڑھتی ہوئی تعداد کی تشویش ناک صورت حال بتائی۔

انہوں نے بتایا کہ زیادہ تر فیک کالز میں غیر ضروری باتیں پوچھی یا بتائی جاتی ہیں جیسے کہ اکثر لوگ کال کر کے کسی فاسٹ فوڈ ریسٹورانٹ کا نمبر یا کھانے کی ترکیب پوچھ لیتے ہیں یا کال ملا کر فون بچوں کو پکڑا دیتے ہیں۔ ریسکیو اہلکار نے بتایا کہ ہمیں دن میں زیادہ تر بچوں اور رات کے اوقات میں زیادہ تر خواتین کی فون کالز موصول ہوتی ہیں۔

(جاری ہے)

خواتین کال کر کے گپ شپ لگانے کی کوشش کرتی ہیں تو ہم انہیں بتاتے ہیں کہ یہ سرکاری نمبر ہے اور اس کو ذاتی طور پر استعمال کرنے پر پابندی ہے۔

اگر کوئی مسئلہ ہے تو بتائیں ورنہ ہمارا وقت ضائع نہ کریں۔ریسکیو اہلکار کا کہنا ہے کہ کئی خواتین ان سے ذاتی نمبر کا تقاضہ بھی کرتی ہیں لیکن وہ اپنے فرض پر توجہ دیتے ہوئے ایسے نمبر بلاک کر دیتے ہیں۔ اکثر لوگ کال کر کے کہتے ہیں جلدی پہنچیں آگ لگ گئی ہے۔ ہم اپنی پیشہ ورانہ ذمہ داریاں ادا کرتے ہوئے جب جگہ کی تفصیل پوچھتے ہیں تو کہا جاتا ہے ''چولہے پر''۔

ترجمان ریسکیو عروج شیرازی نے کہا کہ ریسکیو اہلکاروں کی جانب سے بلاک کیے جانے والے نمبرز خود کار نظام کے تحت 24 گھنٹوں میں کھول دیے جاتے ہیں تاکہ کسی ہنگامی صورت حال میں ان نمبر سے آنے والی کالز موصول ہو جائیں۔ کئی مرتبہ ہمیں ایسی کالز بھی آتی ہیں جن میں حادثے کی اطلاع دی جاتی ہے لیکن ہم جب بتائی گئی جگہ پر پہنچتے ہیں تو وہاں ایسا کچھ بھی نہیں ہوتا۔ انہوں نے مزید کہا کہ ایسی کالز کے حوالے سے ہم مشاورت کر رہے ہیں اور سرکاری نمبر کو ذاتی شغل کے لیے استعمال کرنے والوں کے خلاف کارروائی کرنے کے لیے قانون سازی پر بھی غور کر رہے ہیں۔

متعلقہ عنوان :