ننکانہ صاحب: عید میلادالنبی ،چہلم امام حُسین اوربابا نانک دیو جی جنم دن کے حوالے سے تمام تر انتظامات مکمل

امن وامان کی صورتحال کو ہر صورت قائم رکھا جائے گا،تمام اسسٹنٹ کمشنرز اپنی اپنی تحصیل میں صفائی ستھرائی کے بہترین انتظاما ت کریں:ڈپٹی کمشنر ننکانہ

Muhammad Irfan محمد عرفان جمعرات 17 اکتوبر 2019 15:57

ننکانہ صاحب: عید میلادالنبی ،چہلم امام حُسین اوربابا نانک دیو جی جنم ..
ننکانہ صاحب (اردوپوائنٹ اخبار تازہ ترین۔17اکتوبر2019ء، نمائندہ خصوصی، عبدالقدوس ملک) عید میلادلنبی ،حضرت امام حسین کے چہلم اوربابا گورونانک دیو جی کے 550ویں جنم دن کی تقریبات کے حوالے سے تمام تر انتظاما ت مکمل کر لیے گئے ہیں۔امن و امان کی صورتحال کو ہر قیمت پر قائم رکھا جائے گا۔تمام مذاہب اورمسالک کے لوگوں کو چاہیے کہ وہ اپنا اپنا کردار ایک دوسرے سے بڑھ چڑھ کر ادا کریں۔

ان خیالات کا اظہارڈپٹی کمشنر ننکانہ راجہ منصور احمد نے عید میلاد النبیﷺ،حضرت امام حسین اور بابا گورونانک کے 550ویں جنم دن کی تقریبات کے حوالے سے منعقدہ امن کمیٹی کے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔اس موقع پر ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر (جنرل) احمد کمال ،مذہبی سکالر علامہ محب النبی طاہر،سماجی کارکن حمید رحمانی ،سکھ برادی کے نمائندگان کے علاوہ تمام مذاہب و مسالک کے نمائندوں نے شرکت کی۔

(جاری ہے)

ڈپٹی کمشنرراجہ منصور احمد نے کہا کہ تمام مذاہب و مسالک کے لوگوں کے باہمی مشورے سے جو ضابطہ اخلاق طے پایا گیا ہے اس پر پابندی ہی امن کمیٹی کی ضمانت ہوسکتی ہے۔ ضابطہ اخلاق پر عملدرآمد نہ ہونے پر انتشار اور بد نظمی پھیلتی ہے۔ راجہ منصور احمدنے یقین دہانی کروائی کہ میلادالنبی ،حضرت امام حسین کے چہلم اور بابا گورونانک دیو جی کے 550ویں جنم دن کے حوالے سے تمام تر انتظامات مکمل کر لیے گئے ہیں، امن وامان کی صورتحال کو ہر صورت قائم رکھا جائے گا۔

اس موقع پر ڈپٹی کمشنر راجہ منصور احمد نے محکمہ واپڈا کو ہدایات جاری کیں کہ عیدمیلادالنبی ﷺ کے موقع پر بجلی کی لوڈشیڈنگ نہ کی جائے۔اور تینوں تحصیلوں کے اے سی صاحبان کو ہدایات جاری کیں کہ اپنی اپنی تحصیلوں میں صفائی ستھرائی کے بہتر انتظامات کا خیال رکھا جائے۔اس موقع پر محکمہ پولیس کی جانب سے ایس پی ارسلان نے اجلاس کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ عید میلادالنبیﷺ،امام حسین کے چہلم اور بابا گورونانک کے جنم دن کے حوالے سے جامع سیکورٹی پلان ترتیب دے دیا گیا ہے۔