ایس ایم منیر کی یونائیٹڈ بزنس گروپ کی کورکمیٹی کو بھرپورانتخابی مہم چلانے کی ہدایت

سینئرنائب صدر اور تمام امیدوارملک بھر کا دورہ کریں، سرپرست اعلیٰ یو بی جی یو بی جی سدرن زون کی کورکمیٹی کا اجلاس،خالدتواب،گلزارفیروز،حنیف گوہرحسیب خان،رحیم جانواوردیگر کی شرکت

جمعرات 17 اکتوبر 2019 16:53

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 17 اکتوبر2019ء) یونائیٹڈ بزنس گروپ (یو بی جی) کے سرپرست اعلیٰ ایس ایم منیر نے یوبی جی کے تمام رہنمائوں اور کارکنان کو ہدایت کی ہے کہ میری غیرموجودگی میں وہ سال2020کیلئے گروپ کے نامزد امیدوروں کے حق میں فیڈریشن الیکشن کیلئے بھرپور انتخابی مہم چلائیں،آئندہ سال کیلئے ہم نے ڈاکٹر نعمان بٹ کو صدراورحنیف گوہر کو سینئرنائب صدر کیلئے امیدوار نامزد کیا ہے جبکہ نائب صدور کیلئے بھی بہترین امیدواروں کو نامزد کیا جارہا ہے جو کاروباری برادری کے مسائل حل کرنے کی مکمل اہلیت رکھتے ہیں۔

انہوں نے ان خیالات کا اظہار گزشتہ روز یونائٹیڈ بزنس گروپ کی سدرن ریجن کی کور کمیٹی کے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔اجلاس میں یو بی جی سدرن ریجن میں چیئرمین خالدتواب،جنرل سیکریٹری اختیار بیگ، مرکزی ترجمان گلزارفیروز،ایف پی سی سی آئی انتخابات میںسینئرنائب صدر کے امیدوارحنیف گوہر،سینیٹرعبدالحسیب خان،ممتاز شیخ، عبدالرحیم جانو،میاں ارشدفاروق، نور احمد خان، شاہین الیاس سروانہ،احمدچنائے،اکرام راجپوت،نقی باڑی،وسیم احمدوہرہ، مسلم محمدی، ناہیدمسعود، فرزانہ اوردیگر بھی موجود تھے۔

(جاری ہے)

گروپ کی کور کمیٹی کے اجلاس میں تمام تر فیصلے اتفاق رائے سے کئے گئے۔اجلاس میں دسمبر میں ہونے والے فیڈریشن الیکشن کے حوالے سے تبادلہ خیال کیا گیا اورکراچی،اندرون سندھ وبلوچستان کے چیمبرز اور ایسوسی ایشنز کے دوروں کیلئے کمیٹیوں کا قیام عمل میں لایا گیا۔ایس ایم منیر نے صدارتی امیدوار ڈاکٹر نعمان بٹ ،سینئرنائب صدرکے امیدوار حنیف گوہراور نائب صدور کیلئے امیدواروں کو ہدایت کی کہ وہ تمام صوبوں کا دورہ کریں اور کاروباری برادری سے ملاقاتیں کریں۔

انہوں نے کورکمیٹی اراکین کو بتایا کہ وہ آپریشن کے سلسلے میں چین جارہے ہیں، کاروباری برادری آپریشن کی کامیابی اورمیری صحتیابی کیلئے دعا کرے اور میری غیرموجودگی میں انتخابی مہم میں کوئی کسر نہ اٹھا رکھی جائے اورجدیدخطوط کی بنیاد پر الیکشن مہم شروع کی جائے۔ایس ایم منیر نے خالدتواب کو ہدایت کی کہ وہ یو بی جی کے امیدواروں کی جانب سے شروع کی جانے والی انتخابی مہم کی نگرانی کریں جبکہ مرکزی ترجمان گلزار فیروز سے کہا کہ وہ پاکستان بھر میں امیدواروں کے دوروں کی میڈیا مکمل کوریج کریں تاکہ ہمارے ووٹرز انتخابی مہم سے آگاہ رہیں۔

ایس ایم منیر نے ہر سال کی طرح کراچی میں یو بی جی کے الیکشن آفس کے قیام کیلئے ایک بار پھر حنیف گوہر کو ذمہ داری سونپنے کا اعلان کیا۔ ایس ایم منیر نے کہا کہ نائب صدور کیلئے یو بی جی کے امیداروں کے ناموں کا اعلان آئندہ چند روز میں کردیا جائے گا۔یو بی جی کے سرپرست اعلیٰ نے کہا کہ یو بی جی کی طرف سے بزنس کمیونٹی کی اہل شخصیات کو امیدوار نامزد کیاجارہا ہے، یو بی جی کی تمام قیادت اجتماعی فیصلوں پر یقین رکھتی ہے یہی وجہ ہے کہ گروپ نے تاجر برادری کے مسائل حل کرکے ملک کی 90 فیصد تاجر برادری کا اعتماد حاصل کیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ یونائیٹڈ بزنس گروپ ایف پی سی سی آئی کے پلیٹ فارم سے تاجر دوست ماحول کو فروغ دینے کے اقدامات کرے گا اور حکومت اورکاروباری برادری کے نمائندوں کے درمیان فاصلوں کو مزید کم کرنے کی جدوجہدجاری رکھے گا۔