فواد چوہدری کا آرمی چیف اور وزیراعظم کو سیٹھوں کی بجائے نوجوانوں سے ملنے کا مشورہ

وزیراعظم اور آرمی چیف سے کہا کہ سیٹھوں کی جگہ نوجوانوں سے زیادہ ملا کریں۔ فواد چوہدری

Muqadas Farooq Awan مقدس فاروق اعوان جمعرات 17 اکتوبر 2019 17:13

فواد چوہدری کا آرمی چیف اور وزیراعظم کو سیٹھوں کی بجائے نوجوانوں سے ..
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 17 اکتوبر2019ء) وفاقی وزیر سائنس اینڈ ٹیکنالوجی فواد چوہدری نے کہا ہے کہ وزیراعظم اور آرمی چیف سے کہا کہ سیٹھوں کی جگہ نوجوانوں سے زیادہ ملا کریں۔تفصیلات کے مطابق ایرڈ ایگریکلچر یونیورسٹی راولپنڈی میں ورکشاپ سے خطاب کرتے ہوئے فواد چوہدری نے کہاکہ کینڈا کا شکر گزار ہوں جو ہمارے ساتھ سائنس کی فیلڈ میں مدد کر رہا ہے،ایرڈ یونیورسٹی نے طلبہ و حکومت کے درمیان ایک پل کا کردار ادا کیا۔

فواد چوہدری نے کہاکہ طیب اردگان نے کہا کہ 47 میں وہ پاکستان کو دیکھا کرتے تھے، 1952 میں جنوبی پاکستان لیبارٹری کی بنیاد رکھی۔ انہوںنے کہاکہ 1962 میں ڈاکٹر عبدالسلام کی مہربانی سے اسپیس ٹیکنالوجی کی بنیاد رکھی، روس کے بعد ہم دوسرا ملک تھے جس نے خلا پر کام کیا اور پھر پانی پر کام کیا۔

(جاری ہے)

انہوںنے کہاکہ ہم لوگ افغان جنگ میں پھنس گئے اور اپنے حدف سے دور ہوگئے، عقل و شعور پر بنیاد رکھی جائیگی تو ہی آگے جاسکتے ہیں۔

فواد چوہدری نے مزید کہا کہ اس ملک کی ستر فیصد نوجوان آبادی ہماری امید ہے، وزیراعظم اور آرمی چیف سے کہا کہ سیٹھوں کی جگہ نوجوانوں سے زیادہ ملا کریں۔انہوں نے کہاکہ جب منسٹر برائے سائنس و ٹیکنالوجی بنا تو حالات اچھے نہیں تھے، یونیورسٹی کو علم ہی نہیں ہوتا کہ ریسرچ کرنے کے بعد کیا کرنا ہی ۔ماڈرن سیٹ اپ میں معیشت کو نجی سیکٹر آگے لے کر جاتا ہے، حکومت اپنے آپ کو اس سے الگ رکھا کرتی ہے۔

دنیا بھر میں یونیورسٹیوں کا بجٹ ہمارے ملک سے زیادہ ہے، وزیراعظم نے ایچ ای سی کو احکامات دئیے کہ یونیورسٹیوں کو کاروبار کی اجازت دی جائے۔ ہر ادارہ حکومتی امداد کے انتظار کے لیے بیٹھا ہوتا ہے، ہمارے پاس پیسے کم ہوتے ہیں۔گزشتہ حکومتوں نے بہت پیسے ضائع کیے، حیران ہوں کیسے کیسے منصوبے بنائے گئے، اب پاکستان میں نئی ریسرچ اور ٹیکنالوجی آرہی ہے۔

فواد چوہدری نے کہا کہ وجوانوں سے امید ہے زراعت کو ماڈرن بنائیں گے، ہم چھوٹی چھوٹی چیزوں سے آگے نہیں جا سکتے،ہمیں بڑے اقدامات کرنے ہونگے۔فواد چوہدری نے کہاکہ میں نے کہا حکومت نوکریاں نہیں دے سکتی تو شور مچ گیا، معیشت میں پرائیویٹ سیکٹر کردار ادا کرتا ہے، نوکریاں بھی پرائیویٹ سیکٹر پیدا کرتا ہے، جو بندہ معیشت کی اے بی سی بھی جانتا ہے اسے پتا ہے معیشت پرائیویٹ سیکٹر سے چلتی ہے۔