وزیراعظم آزاد کشمیر کا کل جماعتی حریت کانفرنس کے دفتر کا دورہ

مقبوضہ کشمیر اور لائن آف کنٹرول کی تازہ ترین صورتحال پر حریت رہنماوں سے تفصیلی تبادلہ خیال کیا

جمعرات 17 اکتوبر 2019 18:21

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 17 اکتوبر2019ء) وزیراعظم آزاد کشمیر راجہ محمد فاروق حیدر خان کا کل جماعتی حریت کانفرنس کے دفتر کا دورہ۔وزیراعظم آزادکشمیر نے مقبوضہ کشمیر اور لائن آف کنٹرول کی تازہ ترین صورتحال پر حریت رہنماوں سے تفصیلی تبادلہ خیال کیا۔ اس موقع پر وزیر اعظم آزادکشمیر نے 27 اکتوبر کو مقبوضہ کشمیر پر ہندوستانی فوج کشی کے خلاف ریاست گیر احتجاج کا اعلان کیا۔

حریت رہنمائوں سے گفتگو کرتے ہوئے وزیر اعظم آزادکشمیر نے کہاکہ آزادکشمیر کے تمام شہروں قصبوں میں مقبوضہ کشمیر میں ہندوستانی فوج کے داخلے کے دن یوم سیاہ منایا جائیگا۔مقبوضہ کشمیر میں کرفیو کو اڑہائی ماہ ہو گئے وادی قید خانے کا منظر پیش کررہی ہے۔ 5اگست کے بعد کرفیو اور لاک ڈائون سے کشمیر کی معیشت کو اب تک دو ارب ڈالر کا نقصان ہو چکا ہے ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ مقبوضہ کشمیر کے لوگوں کے پاس جو کچھ تھا سب تحریک آزادی کشمیر میں لٹا دیا ۔جب عزت اور غیرت پر حرف آنے کا امکان ہو تو اسباب کی پروا نہیں کی جاتی۔مقبوضہ کشمیر کو سلام پیش کرتا ہوں ۔انہوں نے کہاکہ تارکین وطن کا تحریک آزادی کشمیر کے حوالہ سے کردار بڑھانے کیلئے اقدامات کررہے ہیں۔ میں نے اپنے مختلف دوروں کے دوران تارکین وطن پر زور دیا کہ وہ آپس میں سیاسی تفریق کے بجائے دیار غیار میں تحریک آزادی کشمیر کو اجاگر کریں ۔

مقبوضہ کشمیر کے عوام کی قربانیوں کے بعد تارکین وطن ہی اس تحریک کیلئے سب سے زیادہ کردار ادا کر سکتے ہیں ۔ انہوںنے کہاکہ تمام حریت قائدین ہمارے لیے انتہائی قابل احترام ہیں ۔5اگست کے بعد سید علی گیلانی، میر واعظ عمر فاروق ، یاسین ملک ، شبیر شاہ اور آسیہ اندرابی سمیت دیگر رہنمائوں کو جیلوں میں ڈال دیا گیا ۔ اس کے ساتھ ساتھ ہندوستان نواز قیادت کو بھی پابند سلاسل کر دیا گیا ہے اور ہندوستان نواز قیادت کو اب اپنی غلطی کا بھی احساس ہو گیا ہے۔

حریت کانفرنس آزادکشمیر کی بہت زیادہ اہمیت ہے اس کے کردار کو سراہتے ہیں ۔ انہوںنے کہاکہ انتہاء پسند بھارتی وزیر اعظم نریندر مودی کی آبی دہشتگردی کی دھمکی اس کے اصل عزائم کی عکاس ہے ۔ بھارتی انتہاء پسند حکمران آر ایس ایس کی آئیڈیالوجی کے مطابق کشمیر میں مسلمانوں کی اکثریت کو اقلیت میں تبدیل کر نا چاہتے ہیں لیکن جب تک آخر ی کشمیری زندہ ہے وہ اپنے حق کیلئے لڑے گا۔

بھارت کے منفی عزائم کشمیریوں کے جذبے کو دبا نہیں سکتے۔ وزیر اعظم نے کہاکہ حریت کانفرنس آزادکشمیر کی سیاسی قیادت کی تحریک آزادی کشمیر میں بھرپور حصہ ڈالنے کے لیے رہنمائی کرے ۔ اس موقع پر حریت رہنماوں کا راجہ فاروق حیدر کی قیادت پر مکمل اعتما د کا اظہار کرتے ہوئے کہاکہ 5اگست کے بعد وزیراعظم آزادکشمیر راجہ فاروق حیدر خان نے کشمیریوں کی امنگوں اور امیدوں کے مطابق کردار ادا کیا ۔حریت کانفرنس کے کنوینیرز سید فیض نقشبندی اور عبداللہ گیلانی نے کہاکہ لبریشن فرنٹ کے دھرنے کے معاملے کو جس انداز سے آزادکشمیر حکومت بالخصوص راجہ فاروق حیدر خان نے حل کیا اس پر انہیں مبارکباد دیتے ہیں۔