مقبوضہ کشمیر میں شہید نوجوانوں کی نماز جنازہ میںہزاروں افراد کی شرکت،آئندہ ہفتے کیلئے احتجاجی کیلنڈر کا اجرا

جمعرات 17 اکتوبر 2019 19:06

سرینگر ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 17 اکتوبر2019ء) مقبوضہ کشمیر میں آج مسلسل 74ویں بھی جاری فوجی محاصرے اور ذرائع ابلاغ کی معطلی کے باوجود بھارتی فوجیوں کے ہاتھوں شہید ہونے والے تین نوجوانوں کی نماز جنازہ میںہزاروں افراد نے شرکت کی۔کشمیر میڈیاسروس کے مطابق فوجیوں نے زاہد احمد، ناصر چڈرو اور عاقب احمد شیخ کو گزشتہ روزضلع اسلام آباد کے علاقے پزل پورہ میں محاصرے اور تلاشی کی کارروائی کے دوران ایک جعلی مقابلے میں شہید کیا تھا۔

شہید نوجوانوں کے آخری دیدار کیلئے خواتین اور بچوں سمیت بڑی تعداد میں لوگ انکے آبائی علاقوں بیج باڑہ، ارونی اور ریڈ ونی میں اٴْمنڈ آئے۔ بعد ازاں شہدائ کے جسد خاکی جلوسوں کی صورت میں تدفین کیلئے مقامی قبرستانوں میں پہنچائے گئے۔

(جاری ہے)

لوگوں نے اس موقع پر آزادی کے حق میں فلک شگاف نعرے لگائے اور پاکستانی پرچم لہرائے۔ دریں اثنا مقبوضہ وادی کشمیر اور جموںخطے کے مسلم اکثریتی علاقوں میں آج 74ویں روز بھی بھارتی فوجی محاصرہ اور مواصلات کی معطلی برقرار ہے۔

اہم کاروباری سرگرمیاں ٹھپ ہیں جبکہ سڑکوںپر پبلک ٹرانسپورٹ معطل ہے۔ بانیہال سے بارہمولہ چلنے والی ریل سروس بھی معطل ہے جبکہ دفاتر میں ملازمین کی حاضری کم ہے جبکہ تعلیمی ادارے طلبائ سے خالی ہیں۔ پانچ اگست کو مقبوضہ کشمیر کی خصوصی حیثیت کے خاتمے کے بعد9برس کے بچوں سمیت ہزاروں کی تعدادمیں جیلوں میں ڈالے گئے ہیں۔مزاحمتی یوتھ لیگ نے آئندہ ہفتے کیلئے احتجاجی کیلنڈر جاری کرتے ہوئے کشمیریوںپر زوردیا ہے کہ وہ کیلنڈر کے پروگراموں پر پوری طرح عمل کریں۔

مقبوضہ علاقے کے اطراف و اکناف میں پوسٹروں کے ذریعے گردش کرنے والے کیلنڈر میں کشمیری عوام سے اپیل کی گئی ہے کہ وہ جمعہ کو اقوام متحدہ کے دفتر، ہفتہ کے روز جامع مسجد ، اتوار کو لال چوک ، پیر کو عیدگاہ اور جمعرات کو مخدوم صاحب کی طرف مارچ کریں۔کیلنڈر میں لوگوںسے منگل اور بدھ کواپنے متعلقہ علاقوںمیں سول کرفیو کی بھی اپیل کی گئی ہے۔

لندن میں کشمیر کانفرنس کے مقررین نے عالمی برادری سے مقبوضہ کشمیرمیں بڑے پیمانے پر جاری انسانی حقوق کی سنگین پامالیوںکا نوٹس لینے کی اپیل کی ہے۔ کانفرنس کا اہتمام جموں و کشمیرسیلف ڈیٹرمینیشن موومنٹ انٹرنیشنل نے دارلعوام میں کیاتھا۔ کانفرنس میں پاکستانی ہائی کمشنر محمد نفیس زکریا اور برطانوی اراکین پارلیمنٹ نے شرکت کی۔ رکن پارلیمنٹ لارڈ قربا ن حسین نے لندن میں دارلامرا سے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ بھارتی فوج غیر قانونی نظربندیوں، ظلم و تشدد ، خواتین کی بے حرمتی ، قتل عام ، جعلی مقابلوں اور جبری گمشدگیوں میں ملوث ہے۔

بریڈ فورڈ سٹی ہال میں تمام سیاسی جماعتوں کے ارکان نے مقبوضہ کشمیرمیں جاری انسانی حقوق کی خلا ف ورزیوں کی مذمت کی۔ کشمیری پس منظر رکھنے والے متعدد کونسلروں نے جذباتی تقاریر میں کشمیری عوام کی حالت زار کے بارے میں بتایا اور تنازعہ کشمیر کے حل کی غرض سے مزید اقدامات کرنے کیلئے برطانوی حکومت پر زوردیا۔