شاہی جوڑے کےطیارے کوموسم خرابی کےباعث ٹیک آف میں تاخیر کا سامنا

اسلام آباد کا موسم خراب، ایئرٹریفک کنٹرول کی جہازکو انتظارکرنےکی ہدایت، شہزادہ ولیم اور شہزادی کیٹ میڈلٹن اپنے خصوصی طیارے میں موجود رہے، طیارے کو5 بجے اسلام آباد پہنچنا تھا۔ ذرائع

Sanaullah Nagra ثنااللہ ناگرہ جمعرات 17 اکتوبر 2019 19:43

شاہی جوڑے کےطیارے کوموسم خرابی کےباعث ٹیک آف میں تاخیر کا سامنا
لاہور (اردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین۔17 اکتوبر2019ء) برطانوی شاہی جوڑے کے طیارے کو موسم خرابی کے باعث ٹیک آف میں تاخیر کا سامنا کرنا پڑا، اسلام آباد کا موسم خراب ہونے کے باعث ایئرٹریفک کنٹرول نے جہاز کو انتظار کرنے کی ہدایت کردی، شہزادہ ولیم اور شہزادی کیٹ میڈلٹن اپنے خصوصی طیارے میں موجود ہیں۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق برطانوی شاہی جوڑا شہزادہ ولیم اور شہزادی کیٹ میڈلٹن اپنا دورہ لاہور مکمل کرکے واپس اسلام آباد روانہ ہوگئے۔

لیکن اسلام آباد کا موسم خراب ہونے کے باعث ان کے طیارے کو ٹیک آف میں تاخیر کا سامنا کرنا پڑا۔ ایئرٹریفک کنٹرول نے شاہی جوڑے کے جہاز کو انتظار کرنے کی ہدایت کی ہے۔ جبکہ شہزادہ ولیم اور شہزادی کیٹ میڈلٹن اپنے خصوصی طیارے میں موجود ہیں۔

(جاری ہے)

بتایا گیا ہے کہ شاہی جوڑے کو شیڈول کے مطابق شام ساڑھے 5 بجے اسلام آباد پہنچنا تھا۔ تاہم اسلام آباد میں موسم کی خرابی کے باعث لاہور سے پرواز کی اجازت تاخیر سے ملی۔

مزید برآں سول ایوی ایشن کا کہنا ہے کہ اسلام آباد کا موسم زیادہ خراب ہونے کے باعث برطانوی شاہی جوڑے کے طیارے کو اسلام آباد سے واپس لاہور ایئرپورٹ پر لینڈ کروا دیا گیا ہے۔ لاہور ایئرپورٹ پر سکیورٹی کے سخت انتظامات کردیے گئے ہیں۔ جبکہ شہزادہ ولیم اور شہزادی کیٹ میڈلٹن کیلئے وی آئی پی لاؤنج بھی اوپن کردیا گیا ہے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ اگر کچھ دیر تک اسلام آباد کا موسم خراب رہا تو پھر نجی ہوٹل میں برطانوی شاہی جوڑے کے قیام کا بندوبست کیا جائے گا۔

واضح رہے برطانوی شہزادہ ولیم اور شہزادی کیٹ میڈلٹن نے دورہ لاہورمیں ایس او ایس ویلیج کا دورہ کیا، شاہی جوڑے نے تین یتیم بچوں کے ہمراہ ان کی سالگرہ کا کیک بھی کاٹا ۔ تفصیلات کے مطابق برطانوی شہزادہ ولیم اور شہزادی کیٹ میڈلٹن کاایس او ایس ویلیج آمد پر ویلیج میں قیام پذیر بچوں سمیت دیگر نے پرجوش استقبال کیا ۔شاہی جوڑا بچوں میں گھل مل گیا اور اور ان سے بات چیت کی ۔

شاہی جوڑے نے بچوں کے ساتھ ایک گھنٹہ سے زائد کا وقت گزارا۔برطانوی شہزادہ ولیم اور شہزادی کیٹ میڈلٹن نے اس موقع پر ایس او ایس ویلیج کے تین بچوں کی سالگرہ کی تقریب میں بھی شرکت کی اور کیک کاٹا۔ شہزادی کیٹ میڈلٹن نے سالگرہ منانے والے بچوں کو کیک پیش کیا۔اس موقع پر شاہی جوڑے کو ایس او ایس ویلیج میں بچوں کو فراہم کی جانے والی سہولیات سے آگاہی دی گئی ۔شاہی جوڑے نے بچوں کے ساتھ تصاویر بھی بنوائیں ۔