Live Updates

وزیر اعظم سے عمان کی مسلح افواج کے چیف آف اسٹاف احمد بن حارث کی ملاقات ، دوطرفہ تعلقات پر تبادلہ خیال

و طرفہ وفود کے دوروں، تربیتی پروگراموں ، مشترکہ مشقوں سمیت دفاعی تعاون کی موجودہ سطح پر اطمینان کااظہار

جمعرات 17 اکتوبر 2019 23:31

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 17 اکتوبر2019ء) وزیر اعظم عمران خان سے عمان کی مسلح افواج کے چیف آف سٹاف لیفٹیننٹ جنرل احمد بن حارث النبہانی نے ملاقات کی جس میںدوطرفہ، علاقائی اور بین الاقوامی امور پر تبادلہ خیال کیا۔ جمعرات کو ہونے والی ملاقات میں وزیر اعظم عمران خان نے پاکستان اور عمان کے قریبی برادرانہ تعلقات کا ذکر کرتے ہوئے دو طرفہ تعاون کو فروغ دینے کے عزم کا اعادہ کیا۔

ملاقات میں تجارت اور مواصلاتی رابطوں کے فروغ پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔ وزیراعظم نے عمان کی مسلح افواج کے چیف آف سٹاف کو مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی سنگین صورتحال، غیر انسانی لاک ڈائون ،کرفیو اور مواصلاتی نظام کی بندش سے آگاہ کیا جو 5 اگست سے جاری ہے اور 80 لاکھ سے زائد کشمیری اس سے شدید متاثر ہوئے ہیں۔

(جاری ہے)

وزیراعظم نے کہا کہ تنازع کا واحد حل اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی قراردادوں سے ممکن ہے،عمان کی مسلح افواج کے چیف آف سٹاف نے سلطان قابوس بن السید کی طرف سے نیک خواہشات کا پیغام انہیں پہنچایا۔

انہوں نے پاکستان اور عمان کے مضبوط دو طرفہ تعلقات کا ذکر کیا اور دو طرفہ وفود کے دوروں، تربیتی پروگراموں ، مشترکہ مشقوں سمیت دفاعی تعاون کی موجودہ سطح پر اطمینان کااظہار کیا۔ انہوں نے اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی میں وزیراعظم کی تقریر کو سراہا اور خلیج میں کشیدگی میںکمی اور علاقائی امن و سلامتی کے فروغ کے لئے وزیراعظم کے اقدام کی تعریف کی۔ انہوں نے وزیر اعظم کو عمان کی قیادت کی طرف سے اپنے ملک کی دعوت بھی دی۔
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات