Live Updates

چودھری شجاعت حسین موجودہ سیاسی بحران کے حل میں اپنا کردار ادا کریں :

مختلف رہنمائوں کی ملاقاتیں ;سابق چیف جسٹس میاں ثاقب نثار، منظور وٹو، فیصل صالح حیات کی ملاقات، پی ٹی آئی، ن لیگ، پیپلزپارٹی سمیت تمام جماعتوں اور شعبوں کے سینکڑوں لوگ روزانہ مل رہے ہیں /موجودہ بحران کو سنجیدگی سے افہام و تفہیم کے ذریعہ حل کرنے کی کوشش کرنی چاہئے، بعض لیڈر اور صاحب اقتدار لوگ پاکستان کی تاریخ سے لاعلم ہیں: صدر مسلم لیگ

جمعہ 18 اکتوبر 2019 00:00

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 17 اکتوبر2019ء) پاکستان مسلم لیگ کے صدر و سابق وزیراعظم چودھری شجاعت حسین کو ڈاکٹروں نے دو ہفتے مکمل آرام کرنے کو کہا ہے، جب سے وہ پاکستان واپس آئے ہیں روزانہ سینکڑوں کی تعداد میں لوگ ان سے ملاقات کرتے ہیں جن میں پاکستان تحریک انصاف، پیپلزپارٹی، ن لیگ اور دیگر سیاسی جماعتوں کے علاوہ مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے افراد شامل ہیں۔

چودھری شجاعت حسین سے سابق چیف جسٹس آف پاکستان جسٹس (ر) میاں ثاقب نثار، سابق وزیراعلیٰ میاں منظور احمد وٹو، سابق وفاقی وزیر فیصل صالح حیات، سابق ایم این اے احمد شجاع وٹو اور دیگر رہنمائوں نے جمعرات کو یہاں ان کی رہائش گاہ پر ملاقات کی۔ اس موقع پر چودھری سالک حسین ایم این اے اور چودھری شافع حسین بھی موجود تھے۔

(جاری ہے)

تقریباً تمام رہنمائوں نے خواہش ظاہر کی کہ چودھری شجاعت حسین موجودہ سیاسی بحران کے حل میں اپنا کردار ادا کریں۔

چودھری شجاعت حسین نے کہا کہ پاکستان کو بنے ہوئے 72 سال ہو چکے ہیں لیکن بعض لیڈر اور صاحب اقتدار لوگ ابھی بھی سمجھتے ہیں کہ پاکستان کو بنے ہوئے صرف 5 یا 6 سال ہی ہوئے ہیں، اس سے آگے ان کی معلومات کام ہی نہیں کرتیں نہ ہی انہیں پاکستان کی تاریخ کا علم ہے، انہیں چاہئے کہ وہ تاریخ کا مطالعہ کریں اور دیکھیں پہلے کون کیا تھا اور اب کیا ہے، بعض کو تو مولانا فضل الرحمن اور حاصل بزنجو کے والد کے نام ہی نہیں پتہ ہوں گے انہوں نے کیا مذاکرات کرنے ہیں حالانکہ یہ رہنما سیاست میں اعلیٰ مقام رکھتے تھے، بہرحال موجودہ بحران کو سنجیدگی سے لینا چاہئے اور افہام و تفہیم سے حل کرنے کی کوشش کرنی چاہئے۔

چودھری شجاعت حسین نے ان تمام افراد کا شکریہ ادا کیا جنہوں نے ان کی عیادت کی اور ان کی صحت یابی کیلئے دعائیں کیں۔
Live پاکستان تحریک انصاف سے متعلق تازہ ترین معلومات