Live Updates

حکومت نوجوانوں کی ترقی اور ان کو اپنے پائوں پر کھڑا کرنے کیلئے اقدامات کر رہی ہے،

کامیاب جوان پروگرام کے تحت ملک بھر کے 10 لاکھ نوجوانوں کو میرٹ پر 100 ارب روپے کے قرضے دیئے جائیں گے، 25 فیصد قرضے خواتین کیلئے ہونگے، ایک لاکھ کا قرضہ بلاسود دیا جائے گا، ایک لاکھ نوجوانوں کو ٹیکنالوجی کی تربیت دیں گے وزیراعظم عمران خان کا کامیاب جوان پروگرام کی افتتاحی تقریب سے خطاب

جمعہ 18 اکتوبر 2019 00:05

حکومت نوجوانوں کی ترقی اور ان کو اپنے پائوں پر کھڑا کرنے کیلئے اقدامات ..
اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 17 اکتوبر2019ء) وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ حکومت نوجوانوں کی ترقی اور ان کو اپنے پائوں پر کھڑا کرنے کیلئے اقدامات کر رہی ہے، کامیاب جوان پروگرام کے تحت ملک بھر کے 10 لاکھ نوجوانوں کو میرٹ پر 100 ارب روپے کے قرضے دیئے جائیں گے، 25 فیصد قرضے خواتین کیلئے ہونگے، ایک لاکھ کا قرضہ بلاسود دیا جائے گا، ایک لاکھ نوجوانوں کو ٹیکنالوجی کی تربیت دیں گے۔

جمعرات کو کامیاب جوان پروگرام کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ کامیاب جواب پروگرام کے پہلے مرحلے کے آغاز پر مبارکباد پیش کرتا ہوں، دنیا میں وہ قومیں آگے بڑھتی ہیں جن میں میرٹ کا نظام ہوتا ہے، کامیاب جوان پروگرام کا خاصہ میرٹ ہے، ہم چاہتے ہیں میرٹ سب سے پہلے ہو، میرٹ ہی جمہوری نظام کا خاصہ ہوتا ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ دنیا میں میرٹ پر عمل پیرا اقوام ہی ترقی کی منازل طے کرتی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ماضی میں میرٹ کو نظر انداز کئے جانے سے ملکی مسائل نے جنم لیا، پاکستان تحریک انصاف کی حکومت میرٹ اور شفافیت پر یقین رکھتی ہے، ترقی کے لئے ہمیں مثبت سوچ کے ساتھ اہداف بڑے رکھنے ہوں گے۔ عمران خان نے کہا کہ تاریخ میں امارت اور دولت کی بنیاد پر زندہ نہیں رہا جا سکتا، انسانیت کی خدمت ہی تاریخ میں اہم مقام دلاتی ہے۔

انہوں نے کہا کہ بڑا انسان بننے کیلئے حضرت محمد ؐ کی زندگی کو بار بار پڑھنا ہو گا، کوئی بھی انسان حضرت محمد ؐ کے پائوں کی خاک کے برابر نہیں پہنچ سکتا، حضور ؐ کی تعلیمات نے انسانی تاریخ میں انقلاب برپا کیا۔ انہوں نے کہا کہ حقیقی تبدیلی کیلئے پہلے سوچ میں تبدیلی لانا ضروری ہے۔ وزیراعظم نے کامیاب پروگرام کی تفصیلات سے آگاہ کرتے ہوئے بتایا کہ اس میں نوجوانوں کے لئے سو ارب روپے کے قرضے رکھے ہیں، 25 فیصد خواتین کے لئے ہوں گے، ایک لاکھ تک قرضہ سود کے بغیر دیا جائے گا، 45 اضلاع میں پسماندہ طبقوں کو قرضے دیئے جائیں گے، دس لاکھ نوجوانوں کو قرضہ دینا ہمارا ہدف ہے، یہ تمام قرضے میرٹ پر اور کسی سفارش کے بغیر دیئے جائیں گے۔

انہوں نے کہا کہ نوجوان بہت بڑی طاقت ہیں، نوجوانوں کو مختلف ہنر سکھائے جائیں گے، نوجوانوں کو ہنر مند بنانے کے لئے دس ارب روپے خرچ کیا جائے گا، ایک لاکھ نوجوانوں کو ٹیکنالوجی کی ٹریننگ دیں گے۔ انہوں نے کہا کہ تاجر ٹیکس نہیں دیں گے تو ملک کیسے چلے گا، ہمیں اپنا ذہن بدلنا ہو گا، بھیک مانگ کر اور قرضے لے کر قومیں نہیں بنتیں، ہمیں اپنے پائوں پر کھڑا ہونا ہو گا، خوددار قوم بننا ہے تو ٹیکس دینا پڑے گا۔

انہوں نے کہا کہ مولانا فضل الرحمن کے لوگوں کو بھی قرضے دیں گے اگر وہ میرٹ پر آئیں گے، یہ پہلی اسمبلی ہے جو ڈیزل کے بغیر چل رہی ہے، اس معاملے پر مزید بات نہیں کرنا چاہتا۔ انہوں نے کہا کہ قائداعظم محمد علی جناح نے قیام پاکستان کے بعد قانون ساز اسمبلی میں خطاب کے دوران کہا تھا کہ دو چیزوں کا خیال رکھنا ضروری ہے ان میں سفارش، اقرباء پروری اور کرپشن کا خاتمہ ضروری ہے، ملک کے موجودہ حالات کی وجہ میرٹ کا نہ ہونا اور کرپشن کا ہونا ہے، میرٹ کے فروغ اور کرپشن کے خاتمہ کے لئے ہر ممکن اقدامات کریں گے۔

انہوں نے کہا کہ حضرت محمد ؐ نے ریاست مدینہ کے تمام طبقوں کو اوپر اٹھایا، جدید ٹیکنالوجی کے بغیر مسلمان عظیم قوم اور اسلام عظم تہذیب بن گیا، پاکستان کو عظیم قوم بنانے کے لئے ہمیں خود کو بدلنا ہے کیونکہ سچ کی طاقت عزت دے گی۔ انہوں نے کہا کہ ریاست مدینہ میں بتدریج تبدیلی آئی، نیا پاکستان بنانے کے لئے بھی کوششیں جاری ہیں، بتدریج اس میں تبدیلی آئے گی اور روشن پاکستان کا خواب پورا ہو گا۔

انہوں نے کہا کہ گزشتہ سال ضرور مشکل حالات کا سامنا رہا لیکن جدوجہد سے ہی مشکل حالات کا سامنا کیا جا سکتا ہے، امید ہے کہ پاکستان جلد اپنے پائوں پر کھڑا ہو گا۔ وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے امور نوجوانان عثمان ڈار نے اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے کہا کہ مشکل معاشی حالات کے باوجود حکومت نے 100 ارب روپے کی خطیر لاگت کا یہ پروگرام شروع کیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ ماضی کی حکومتوں نے نوجوان طبقہ کو نظر انداز کیا، ملک کی 68 فیصد آبادی 20 سال سے کم عمر نوجوانوں پر مشتمل ہے۔ یہ پروگرام نوجوانوں کو خوشحالی کی طرف لے کر جائے گا اور یہ انہیں خود مختار بنانے کی طرف پہلا قدم ہے۔ انہوں نے کہا کہ نوجوانوں کی ترقی کیلئے صوبوں کے ساتھ ملکر اقدامات کئے جائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ کامیاب جوان پروگرام کے تحت قرضوں کی فراہمی کیلئے شفاف نظام وضع کیا گیا ہے اور یہ سسٹم ایسا بنایا گیا ہے کہ اس میں کسی سفارش کا کوئی عمل دخل نہیں ہو گا اور اس پروگرام کے تحت پہلے آئو اور پہلے پائو کی بنیاد پر قرضے فراہم کئے جائیں گے۔

اس موقع پر ڈپٹی سپیکر قاسم خان سوری، وزیر مملکت برائے پارلیمانی امور علی محمد خان، وزیراعظم کی معاون خصوصی اطلاعات و نشریات ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان، وفاقی وزیر تعلیم و پیشہ وارانہ تربیت شفقت محمود، وزیراعظم کے مشیر برائے سیاسی امور نعیم الحق، وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے امور نوجوان عثمان ڈار، وزیراعظم کے مشیر برائے موسمیاتی تبدیلی ملک امین اسلم، وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے سی ڈی اے امور علی نواز اعوان، سمیت وفاقی و صوبائی کابینہ کے ارکان اور پاکستان تحریک انصاف کے رہنما بھی موجود تھے۔
Live پاکستان تحریک انصاف سے متعلق تازہ ترین معلومات