Live Updates

پی ایس 11 لاڑکانہ ضمنی الیکشن، بیشتر پولنگ اسٹیشنز کے غیر سرکاری غیر حتمی نتائج میں جی ڈی اے امیدوار کی فتح کے امکانات روشن

اب تک موصول ہونے والے 100 پولنگ اسٹیشنز کے غیر سرکاری حتمی نتائج کے مطابق جی ڈی اے امیدوار 21 ہزار ووٹ حاصل کر کے آگے، جبکہ پیپلز پارٹی کا امیدوار 17 ہزار سے زائد ووٹ حاصل کرکے پیچھے ہے

muhammad ali محمد علی جمعرات 17 اکتوبر 2019 22:27

پی ایس 11 لاڑکانہ ضمنی الیکشن، بیشتر پولنگ اسٹیشنز کے غیر سرکاری غیر ..
لاڑکانہ (اردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین۔17 اکتوبر2019ء) پی ایس 11 لاڑکانہ ضمنی الیکشن، بیشتر پولنگ اسٹیشنز کے غیر سرکاری غیر حتمی نتائج میں جی ڈی اے امیدوار کی فتح کے امکانات روشن، اب تک موصول ہونے والے 100 پولنگ اسٹیشنز کے غیر سرکاری حتمی نتائج کے مطابق جی ڈی اے امیدوار 21 ہزار ووٹ حاصل کر کے آگے، جبکہ پیپلز پارٹی کا امیدوار 17 ہزار سے زائد ووٹ حاصل کرکے پیچھے ہے۔

تفصیلات کے مطابق لاڑکانہ میں ضمنی انتخاب پی ایس 11 کے نتائج آنے کا سلسلہ جاری ہے۔ اب تک موصول ہونے والے غیر سرکاری غیر حتمی نتائج میں تحریک انصاف کی حمایت یافتہ جی ڈی اے کے امیدوار کو واضح برتری حاصل ہو چکی ہے۔ ان نتائج کے بعد پیپلز پارٹی پر ہوم گراونڈ میں شکست کے بادل منڈلانے لگے ہیں۔ جبکہ پیپلز پارٹی کے امیدوار جمیل سومرو نے بھی دھاندلی کا الزام عائد کرتے ہوئے کہا ہے کہ انتخابی نتائج تبدیل کر کے انہیں شکست دلوانے کی کوشش کی جا رہی ہے۔

(جاری ہے)

جمیل سومرو نے اپنے کارکنان کے ہمراہ ضلعی الیکشن کمیشن دفتر کے باہر دھرنا بھی دے دیا ہے۔ دوسری جانب پی ایس 11کے ضمنی الیکشن کے سلسلے میں اب تک موصول ہونے والے 100 پولنگ اسٹیشنز کے غیرحتمی اور غیرسرکاری نتائج کے مطابق گرینڈ ڈیموکریٹک الائنس کے امیدوار معظم عباسی 21 ہزار 300 ووٹ لے کر آگے ہیں۔ جبکہ پیپلزپارٹی کے جمیل سومرو 17 ہزار سے زائد ووٹ لے کرمدمقابل امیدوار سے پیچھے ہیں۔

اب تک موصول ہونے والے غیر سرکاری غیر حتمی نتائج بظاہر بتا رہے ہیں کہ پیپلز پارٹی سے اپنے گڑھ کی جیتی ہوئی نشست چھن جائے گی۔ واضح رہے کہ ووٹنگ کا عمل صبح 8 بجے سے 5 بجے تک جاری رہا۔پی ایس گیارہ میں کل 138پولنگ اسٹیشن بنائے گئے۔ جن میں 20 پولنگ اسٹیشنز انہتائی حساس، 50 حساس اور 68 کو نامل قرار دیا گیا ہے تمام انتہائی حساس پولنگ اسٹیشنز پر سی سی ٹی وی کیمرے بھی نصب کیے گئے۔

ضمنی انتخابات کیلئے سیکیورٹی کے سخت انتظامات کیے گئے ہیں تمام پولنگ اسٹیشنز پر اندر اور باہر رینجرز اور پولیس بھی تعینات کی گئی۔ پی ایس 11 پر رجسٹرڈ ووٹرز کی تعداد 152614 ہے جن میں مرد ووٹرز کی تعداد 83016 جبکہ خواتین ووٹرز کی تعداد 69598 ہے۔ مزید برآں آئی جی سندھ ڈاکٹرسید کلیم امام نے پولیس کوہدایات جاری کیں کہ صوبائی اسمبلی کے حلقہ 11 لاڑکانہ کی نشست پر ہونیوالے ضمنی الیکشن کے موقع پرسیکیورٹی کے مجموعی اقدامات کو انتہائی ٹھوس اور غیر معمولی بنایا جائے۔

انہوں نے ڈی آئی جی لاڑکانہ کو ہدایات دیں کہ سیکیورٹی کے مجموعی اقدامات کی بذات خود مانیٹرنگ کو یقینی بناتے ہوئے الیکشن کمیشن آف پاکستان کیجانب سے جاری کردہ ضابطہ اخلاق پرعمل درآمدکو تمام اسٹیک ہولڈرزکے اعتماد اور تعاون سے ممکن بنایا جائے تاکہ غیرجانبدارانہ اورشفاف الیکشن کے انعقاد کویقینی بنایا جاسکے۔ انہوں نے مزید ہدایات جاری کیں کہ تمام پولنگ اسٹیشنوں اورباالخصوص ممکنہ حساس پولنگ اسٹیشنوں پراضافی نفری کی تعیناتیوں سمیت اطراف اوراندرونی حصوں میں کلیئرنس کے علاوہ ایڈوانس انٹیلی جینس کلیکشن، رینڈم اسنیپ چیکنگ، گشت پکٹنگ، ریکی، نگرانی کے عمل کوبھی یقینی بنایا جائے۔
Live پاکستان تحریک انصاف سے متعلق تازہ ترین معلومات