Live Updates

پی ایس 11 لاڑکانہ ضمنی الیکشن، سندھ کی انتخابی سیاست کا بہت بڑا اپ سیٹ

تحریک انصاف کے حمایت یافتہ جی ڈی اے اتحاد نے پیپلز پارٹی کو اس کے گڑھ لاڑکانہ کے ضمنی الیکشن میں شکست دے دی، جی ڈی اے امیدوار معظم عباسی نے 31ہزار 557 ووٹ حاصل کیے، جبکہ پیپلزپارٹی کے جمیل سومرو 25 ہزار سے زائد ووٹ کر سکے

muhammad ali محمد علی جمعرات 17 اکتوبر 2019 23:53

پی ایس 11 لاڑکانہ ضمنی الیکشن، سندھ کی انتخابی سیاست کا بہت بڑا اپ سیٹ
لاڑکانہ (اردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین۔17 اکتوبر2019ء) سندھ کی انتخابی سیاست کا بہت بڑا اپ سیٹ، تحریک انصاف کے حمایت یافتہ اتحاد نے پیپلز پارٹی کو اس کے گڑھ لاڑکانہ کے ضمنی الیکشن میں شکست دے دی۔ تفصیلات کے مطابق لاڑکانہ میں ضمنی انتخاب پی ایس 11 کے غیر سرکاری غیر حتمی نتائج کا اعلان کر دیا گیا ہے۔ اب تک موصول ہونے والے غیر سرکاری غیر حتمی نتائج میں تحریک انصاف کی حمایت یافتہ جی ڈی اے کے امیدوار کو فیصلہ کن برتری حاصل ہوگئی ہے۔

ان نتائج کے بعد پیپلز پارٹی کو اپنے ہوم گراونڈ پر شکست ہوگئی ہے۔ پی ایس 11کے ضمنی الیکشن کے سلسلے میں اب تک موصول ہونے والے تمام 138 پولنگ اسٹیشنز کے غیرحتمی اور غیرسرکاری نتائج کے مطابق گرینڈ ڈیموکریٹک الائنس کے امیدوار معظم عباسی 31ہزار 557 ووٹ لے کر کامیاب ہوگئے ہیں۔

(جاری ہے)

جبکہ پیپلزپارٹی کے جمیل سومرو 25 ہزار سے زائد ووٹ لے کر ناکام رہے۔

لاڑکانہ کے ضمنی الیکشن میں شکست کو پیپلز پارٹی کیلئے زبردست دھچکا قرار دیا جا رہا ہے۔ پی ایس 11 لاڑکانہ ضمنی الیکشن میں فتح کے بعد جی ڈی اے کے کارکنوں کی جانب سے لاڑکانہ میں بھرپور انداز میں جشن منایا جا رہا ہے۔ جی ڈی اے کے امیدوار کی فتح پر تحریک انصاف کے رہنماوں نے بھی کامیاب امیدوار کو مبارکباد دی ہے۔ پیپلز پارٹی کی شکست پر وفاقی وزیر بحری امور علی حیدر زیدی نے کہا ہے کہ جمہوریت ایک بہترین انتقام ہے اور آج لاڑکانہ کے عوام نے اپنا بدلہ لے لیا۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے سندھ اسمبلی کے حلقہ پی ایس 11 لاڑکانہ میں ہونے ضمنی انتخابات کے نتائج پر اپنے ردعمل میں سماجی رابطہ کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے ایک ٹویٹ میں کیا۔ واضح رہے کہ پی ایس 11 کے ضمنی الیکشن کے سلسلے میں حلقے میں ووٹنگ کا عمل صبح 8 بجے سے 5 بجے تک جاری رہا۔ پی ایس 11 میں کل 138پولنگ اسٹیشن بنائے گئے۔ جن میں 20 پولنگ اسٹیشنز انہتائی حساس، 50 حساس اور 68 کو نامل قرار دیا گیا۔

تمام انتہائی حساس پولنگ اسٹیشنز پر سی سی ٹی وی کیمرے بھی نصب کیے گئے۔ ضمنی انتخابات کیلئے سیکیورٹی کے سخت انتظامات کیے گئے ہیں تمام پولنگ اسٹیشنز پر اندر اور باہر رینجرز اور پولیس بھی تعینات کی گئی۔ پی ایس 11 پر رجسٹرڈ ووٹرز کی تعداد 152614 ہے جن میں مرد ووٹرز کی تعداد 83016 جبکہ خواتین ووٹرز کی تعداد 69598 ہے۔ مزید برآں آئی جی سندھ ڈاکٹرسید کلیم امام نے پولیس کوہدایات جاری کیں کہ صوبائی اسمبلی کے حلقہ 11 لاڑکانہ کی نشست پر ہونیوالے ضمنی الیکشن کے موقع پرسیکیورٹی کے مجموعی اقدامات کو انتہائی ٹھوس اور غیر معمولی بنایا جائے۔

انہوں نے ڈی آئی جی لاڑکانہ کو ہدایات دیں کہ سیکیورٹی کے مجموعی اقدامات کی بذات خود مانیٹرنگ کو یقینی بناتے ہوئے الیکشن کمیشن آف پاکستان کیجانب سے جاری کردہ ضابطہ اخلاق پرعمل درآمدکو تمام اسٹیک ہولڈرزکے اعتماد اور تعاون سے ممکن بنایا جائے تاکہ غیرجانبدارانہ اورشفاف الیکشن کے انعقاد کویقینی بنایا جاسکے۔ انہوں نے مزید ہدایات جاری کیں کہ تمام پولنگ اسٹیشنوں اورباالخصوص ممکنہ حساس پولنگ اسٹیشنوں پراضافی نفری کی تعیناتیوں سمیت اطراف اوراندرونی حصوں میں کلیئرنس کے علاوہ ایڈوانس انٹیلی جینس کلیکشن، رینڈم اسنیپ چیکنگ، گشت پکٹنگ، ریکی، نگرانی کے عمل کوبھی یقینی بنایا جائے۔
Live پاکستان تحریک انصاف سے متعلق تازہ ترین معلومات