موسم کی خرابی ، برطانوی شاہی جوڑے کا طیارہ دوبارہ لاہور لینڈ کر گیا

موسم ٹھیک ہونے پر رائل ایئر فورس کا طیارہ دوبارہ اسلام آباد جائے گا

Sumaira Faqir Hussain سمیرا فقیرحسین جمعہ 18 اکتوبر 2019 10:46

موسم کی خرابی ، برطانوی شاہی جوڑے کا طیارہ دوبارہ لاہور لینڈ کر گیا
لاہور (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 18 اکتوبر 2019ء) : موسم کی خرابی کے باعث برطانوی شاہی جوڑے کا طیارہ واپس لاہور پر لینڈ پروالیا گیا۔ تفصیلات کے مطابق برطانوی شاہی جوڑا اپنا دورہ لاہور مکمل کرنے کے بعد واپس روانہ ہوا تاہم تھوڑی دیر بعد ہی مہمان جوڑے کے طیارے کا رخ واپس موڑتے ہوئے علامہ انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر لینڈ کروا دیا گیا۔موسم ٹھیک ہونے پر رائل ایئر فورس کا طیارہ دوبارہ اسلام آباد جائے گا۔

طیارہ لینڈ کرنے پر ایئرپورٹ کی سکیورٹی مزید سخت کر دی گئی ہے جبکہ لاہور ایئر پورٹ پر وی آئی پی لاؤنج کھول دیا گیا ہے۔ رائل ائیر فورس کے طیارے نے شام کے وقت لاہور سے اسلام آباد کے لیے اڑان بھری تھی۔ اسلام آباد میں گرج چمک کے ساتھ ہونے والی بارش کے باعث طیارے کو ائیرپورٹ پر لینڈنگ کی اجازت نہ مل سکی۔

(جاری ہے)

پونے دو گھنٹے بعد برطانوی شاہی طیارہ واپس لاہور پہنچ گیا۔

اس کے بعد ایک برطانوی صحافی نے ٹویٹر پیغام میں کہا کہ رائل ائیر فورس کا جہاز اسلام آباد کی فضا میں ہچکولے کھانے کے بعد واپس لاہور کے لئے مڑا اور جہاں سے سفر کا آغاز کیا واپس وہیں لینڈ کیا۔ انہوں نے بتایا کہ شہزادہ ولیم جو خود ایک پائلٹ ہیں، لہٰذا وہ اس موقع پر جہاز میں سوار باقی افراد کی نسبت کم پریشان دکھائی دیئے۔ دوسری جانب لاہور سمیت پنجاب اسلام آباد، خیبر پختونخوا اور آزاد کشمیر میں بارش اور ژالہ باری سے موسم سرد ہو گیا۔

محکمہ موسمیات نے مزید بادل برسنے کا امکان ظاہر کیا ہے۔ لاہور کے علاوہ کوٹ مومن، ٹوبہ ٹیک سنگھ، صفدر آباد، پنڈی بھٹیاں اور اسلام آباد میں گذشتہ شب اور آج صبح بارش ہوئی جبکہ ژالہ باری نے بھی رنگ جمایا جس کے بعد سردی کی لہر دوڑ گئی ہے۔ نوشہرہ، رسالپور، صوابی او مالاکنڈ میں بھی بارش سے موسم سرد ہو گیا۔ اٹک، پنڈی گھیب، مردان، کرک اور گردونواح میں بھی ژالہ باری ہوئی۔