سابق وزیراعظم نواز شریف کا نیب کی زیر حراست میں کیا حال ہے ؟

نواز شریف نیب میں ڈے کیئر سنٹر میں قید ہیں اور اسی عمارت کے اندر انوسٹی گیشن روم بھی موجود ہے

Sumaira Faqir Hussain سمیرا فقیرحسین جمعہ 18 اکتوبر 2019 11:03

سابق وزیراعظم نواز شریف کا نیب کی زیر حراست میں کیا حال ہے ؟
لاہور (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 18 اکتوبر 2019ء) : سابق وزیراعظم نواز شریف اس وقت چودھری شوگر ملز کیس میں نیب کی زیر حراست ہیں۔ نیب کی حراست میں سابق وزیراعظم نواز شریف کو نیب کے ڈے کئیر سینٹر میں قید رکھا گیا ہے جبکہ اسی عمارت کے اندر ایک انوسٹی گیشن روم بھی موجود ہے۔ وہ ڈے کیئر سنٹر جہاں سابق وزیراعظم نواز شریف کو قید رکھا گیا ہے ، اُس کے باہر ایک بڑا سا لان ہے جس میں سابق وزیراعظم نواز شریف کے لیے ایک میز، کرسی اور چھتری کا انتظام موجود ہے ۔

ذرائع کے مطابق نواز شریف صبح اور شام اپنے قید خانے سے باہر لان میں آتے ہیں اور گھنٹہ گھنٹہ واک کرتے ہیں اور لان میں بیٹھ کر کتاب یا پھر قرآن شریف کی تلاوت کرتے ہیں۔ نواز شریف کے حراست کے کمرے کے پاس پی آئی سی کی ایمرجنسی گاڑی موجود ہے جس میں ڈیوٹی پر ہمہ وقت 3 ڈاکٹرزموجود رہتے ہیں تاکہ کسی بھی ایمرجنسی کی صورت میں ان کا چیک اپ کیا جا سکے ۔

(جاری ہے)

نیب کا ڈاکٹر روزانہ کی بنیاد پر سابق وزیراعظم کا بلڈ پریشر اور شوگر لیول چیک کرتا ہے ۔ ڈے کئیر سنٹر کے باہر 4 پولیس جوان ڈیوٹی پر موجود رہتے ہیں اور ڈے کئیر سنٹر کی چھت پر بھی سکیورٹی کا سخت انتظام موجود ہے ، سرچ لائٹس لگا کر رات بھر فول پروف سکیورٹی کا بندوبست ہے ۔ سابق وزیراعظم نواز شریف کا کھانا روزانہ کی بنیاد پر گھر سے آتا ہے ، جسے نیب ریسپشن پر پولیس وصول کرتی ہے اور کھانے کو چیک کرنے کے بعد نواز شریف تک پہنچایا جاتا ہے ۔

نواز شریف ناشتے میں زیادہ تر ڈرائی فروٹ یا پھل کھاتے ہیں۔ جبکہ ان کے دوپہر کے کھانے کا مینیوروزانہ مختلف ہوتا ہے ۔ خیال رہے کہ رواں ماہ 11 اکتوبر کو سابق وزیراعظم اور مسلم لیگ ن کے تاحیات قائد نواز شریف کو نیب نے چودھری شوگر ملز کیس میں گرفتار کر لیا تھا جس کے بعد ان کا ریمانڈ حاصل کیا گیا۔