Live Updates

کیا وزیراعظم عمران خان میرٹ پر منتخب ہوئے؟

سینئیر صحافی و تجزیہ کار عارف حمید بھٹی نے وزیراعظم کو تنقید کا نشانہ بنا ڈالا

Sumaira Faqir Hussain سمیرا فقیرحسین جمعہ 18 اکتوبر 2019 11:13

کیا وزیراعظم عمران خان میرٹ پر منتخب ہوئے؟
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 18 اکتوبر 2019ء) : نجی ٹی وی چینل کے پروگرام میں بات کرتے ہوئے سینئیر صحافی و تجزیہ کار عارف حمید بھٹی نے کہا کہ عمران خان کو پتہ ہی نہیں ہے کہ وہ وزیراعظم ہیں۔ وزیراعظم پورے ملک کا ہوتا ہے کسی ایک سیاسی جماعت کا نہیں ہوتا۔ ایک طرف آپ مذاکرات کے لیے لوگوں کی منتیں کر رہے ہیں ۔ انہوں نے کہاکہ وزیراعظم عمران خان نے مذاکرات کے لیے ایک کمیٹی بنائی ہے لیکن کمیٹی کے پاس کچھ نہیں ہے۔

یہ کسی اور سے منتیں کر رہے ہیں اور سعودی عرب تک چلے گئے ہیں۔ ڈیزل کہہ رہے ہیں، میرٹ کہہ رہے ہیں اور مدینہ کی ریاست کہہ رہے ہیں۔ لیکن آج مجھے ایک سوال کرنا ہے۔ کیا عمران خان میرٹ پر وزیراعظم بنے ؟ کیا سینیٹ کا چئیرمین میرٹ پر آیا؟ کیا وزیراعلیٰ پنجاب آپ نے میرٹ پر لگائی؟ کیا آپ نے پوری کابینہ میرٹ پر بنائی؟ کیا زلفی بخاری کو نائب وزیراعظم میرٹ پر بنایا ؟ کیا عثمان بزدار میرٹ پر ہیں؟ کیا فردوس عاشق اعوان میرٹ پر ہیں؟ کیا پرویز خسرو میرٹ پر ہیں؟ کیا نعیم الحق میرٹ پر ہیں؟ مجھے جواب دیا جائے کہ میرٹ پر کون ہے؟ عارف حمید بھٹی نے وزیراعظم عمران خان کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ آپ اپنا کوئی بھی ترجمان میرے سامنے بٹھائیں ، میں میرٹ کی ایک ایک چیز کو کھول کر رکھ دوں گا جس کے بعد فیصلہ یہ 22 کروڑ عوام کرے گی۔

(جاری ہے)

خیال رہے کہ پاکستان تحریک انصاف کی حکومت میں بھی وزیراعظم عمران خان کے کئی قریبی دوستوں کو عہدے دئے گئے جبکہ وزیراعظم عمران خان کے قریبی دوست جہانگیر ترین کو بغیر کسی سرکاری عہدے کے اجلاسوں میں بٹھایا گیا جس پر موجودہ حکومت کو تنقید کا نشانہ بنایا گیا ۔ یہی وجہ ہے کہ جب بھی میرٹ کی بات ہوتی ہے تجزیہ کار اور ناقدین موجودہ حکومتی جماعت کو بھی آڑے ہاتھوں لیتے ہیں۔
Live پاکستان تحریک انصاف سے متعلق تازہ ترین معلومات