سعودی عرب اور فلسطین مشترکہ اقتصادی کمیٹی اور بزنس کونسل کے قیام پر متفق

جمعہ 18 اکتوبر 2019 11:55

سعودی عرب اور فلسطین مشترکہ اقتصادی کمیٹی اور بزنس کونسل کے قیام پر ..
رام اللہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 18 اکتوبر2019ء) فلسطینی صدر محمو د عباس نے سعودی عرب کا تین روزہ دورہ مکمل کرلیا۔ اس موقع پر انہوں نے سعودی قائدین سے ملاقاتیں کیں۔سعودی عرب اور فلسطین مشترکہ اقتصادی کمیٹی اور بزنس کونسل کے قیام پر متفق ہوگئے۔ یہ فیصلہ ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان اور فلسطینی صدر محمود عباس نے جمعرات کو ریاض کے قصر یمامہ میں ملاقات اور مذاکرات کے دوران کیا۔

(جاری ہے)

سعودی خبررساں ادارے (ایس پی ای) کے مطابق شہزادہ محمد بن سلمان اور فلسطینی صدر محمود عباس نے مذاکرات میں فلسطین کے تازہ حالات اور فلسطینی مسائل کی گتھیاں سلجھانے کے لیے کی جانے والی کوششوں کا جائزہ لیا۔ خود مختار فلسطینی ریاست کے قیام اور مشرقی بیت المقدس کو اس کا دارالحکومت بنانے کی راہ میں حائل رکاوٹیں دور کرنے کے طور طریقوں پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔فلسطینی صدر کی خواہش پر مشترکہ اقتصادی کمیٹی اور سعودی فلسطینی بزنس کونسل کے قیام کا فیصلہ کیا گیا۔ یہ بات خادم حرمین شریفین شاہ سلمان بن عبدالعزیز اور فلسطینی صدر کے درمیان ہونے والے مذاکرات میں بھی زیر بحث آئی تھی۔