ریاض: سعودی خاتون نے مصوری کے میدان میں بھی مردوں کو پچھاڑ دیا

سکنہ حسن نے ریاض میں منعقدہ آرٹ میلے کے دورا ن اپنی منفرد پینٹنگ کی بناء پر پہلی پوزیشن حاصل کر لی

Muhammad Irfan محمد عرفان جمعہ 18 اکتوبر 2019 11:42

ریاض: سعودی خاتون نے مصوری کے میدان میں بھی مردوں کو پچھاڑ دیا
ریاض(اردوپوائنٹ اخبار تازہ ترین۔18اکتوبر2019ء) سعودی نوجوان مصورہ سکنہ حسن کو اب سے چند دِن پہلے تک کوئی نہیں جانتا تھا، تاہم اب اُس کے فن پاروں نے اُسے نہ صرف سعودی عرب میں آرٹ کے قدر دانوں کو اپنا گرویدہ بنا لیا ہے بلکہ دُنیا بھر سے آئے غیر مُلکی سیاح بھی اُس کی فنکارانہ صلاحیتوں کے معترف ہو گئے ہیں۔ ایک سعودی اخبار کے مطابق سعودی خاتون آرٹسٹ سکنہ حسن نے ریاض میں منعقدہ آرٹ میلے کے دوران اپنے تجریدی آرٹ سے متعلق فن پاروں کی نمائش کی۔

العربیہ نیٹ کے مطابق آرٹ میلے میں شرکت ہر شخص نے سکنہ حسن کی تیار کردہ پینٹنگز کو بہت زیادہ سراہا اور ان کے منفرد تخیل کی بناء پر تشکیل پانے والے انوکھے فن پاروں پراُنہیں دِل کھول کر داد دی۔ ریاض سیزن میں منعقدہ سعودی فالکنز اور شکار ایگزیبیشن میں سکنہ حسن نے ”ریشہ صقار“ آرٹ ایوارڈ جیتنے کے ساتھ میلے میں شریک پانچ مختلف کیٹی گریز میں ڈیجیٹل پینٹنگ ٹریک میں پہلی پوزیشن حاصل کی۔

(جاری ہے)

سکنہ نے العربیہ ڈاٹ نیٹ کو بتایا کہ مقابلہ 11 اکتوبر کو شروع ہوا جو چار دن تک جاری رہا۔ اس مقابلے میں ڈیجیٹل ڈرائنگ ٹریک میں حصہ لینے والے 8 آرٹسٹوں پر مشتمل تھا کہ جب کہ جیوری کمیٹی میں پروفیسر ، ماہرین تعلیم اور تجربہ کار آرٹسٹ شامل تھے۔سعودی آرٹسٹ سکنہ حسن کی پینٹنگزجمالیاتی پہلووٴں کی عکاسی کرنے کے ساتھ حقیقت اور روز مرہ زندگی کی ترجمانی کرتی ہیں۔

اس کی بہت سی پینٹنگز میں صنف نازک کے انسانی احساسات وجذبات کی عکاس ہوتی ہیں۔ جو زمان ومکان کی قید سے آزاد صرف تخلیقی زبان میں اپنے خیالات کا اظہار کرتی ہے۔خواتین کی جیتنے والی پینٹنگز اور مختلف کاموں میں ان کی موجودگی کے بارے میں سکنہ نے کہا کہ خواتین میری پینٹنگز میں ہمیشہ طاقت کا ایک ذریعہ رہتی ہیں اور پرندے مردوں کی علامت ہیں۔