مدینہ منورہ بس حادثے میں 10 پاکستانی زائرین جاں بحق ہوئے

حادثے میں زخمی ہونے والے زائرین کا علاج مدینہ منورہ کے کنگ فہد اسپتال میں کیا جا رہا ہے

Muhammad Irfan محمد عرفان جمعہ 18 اکتوبر 2019 12:00

مدینہ منورہ بس حادثے میں 10 پاکستانی زائرین جاں بحق ہوئے
مدینہ منورہ (اردوپوائنٹ اخبار تازہ ترین۔18اکتوبر2019ء) بُدھ اور جمعرات کی درمیانی شب عمرہ زائرن کی بس اور ہیوی لوڈر میں تصادم کے نتیجے میں 35 افراد جاں بحق ہوئے تھے اور 4 زخمی ہوئے تھے۔ اس بارے میں یہ تفصیلات سامنے آئی ہیں کہ اس سانحے میں 10 پاکستانی بھی جاں بحق ہوئے ہیں۔ یہ واقعہ الہجرہ روڈ پر پیش آیا۔حادثے میں زخمی ہونے والے زائرین کا علاج مدینہ منورہ کے کنگ فہد اسپتال میں کیا جا رہا ہے۔

گورنر مدینہ منورہ شہزادہ فیصل بن سلمان اور نائب گورنر شہزادہ سعود بن خالد الفیصل نے الہجرہ روڈ پر پیش آنے والے ٹریفک حادثے میں زخمیوں کی جمعرات کو عیادت کر کے ان کی خیریت دریافت کی اور اور ان عزیز و اقارب کوعلاج کے دوران اسپتال میں رہائش کی سہولت فراہم کرنے کی ہدایت بھی جاری کی۔

(جاری ہے)

قونصلیٹ ذرائع کے مطابق حادثے میں شدید زخمی ہونے والے پاکستانی نے بتایا ہے کہ ہم لوگ عمرے کی ادائیگی اور زیارت مسجد نبوی کے لیے ریاض سے روانہ ہوئے۔

گروپ میں مجھ سمیت 11افرادشامل تھے۔واضح رہے کہ بدنصیب افراد سعودی عرب میں ہی مقیم تھے اورعمرہ ادائیگی کی غرض سے ریاض سے ہجرہ روڈ کے ذریعے مکہ مکرمہ جا رہے تھے۔ جب اُن کی بس ایک ہیوی لوڈر سے ٹکرانے کے باعث خوفناک حادثے کا شکار ہوئی اور اچانک بھڑکنے والی آگ نے چند لمحوں میں ہی بس اور اس میں سوار تمام مسافروں کو اپنی لپیٹ میں لے لیا۔

حادثے کے نتیجے میں سڑک پہ دور تک بس کے جلتے ہوئے ٹکڑے بکھر گئے۔مدینہ منورہ پولیس کے مطابق اس بس کا ڈرائیور شامی تارک وطن تھا جس کی جلی ہوئی لاش اسپتال کے سرد خانے میں موجود ہے۔سعودی ہلال احمر کی جانب سے بتایا گیا ہے کہ یہ حادثہ بُدھ کی شام 6 بج کر 49 منٹ پر رُونما ہوا تھا۔ جب ہلال احمر کی امدادی ٹیمیں وہاں پہنچیں تو صرف 4 افراد زخمی تھے جبکہ باقی مسافر بس میں ہی جل کر جاں بحق ہو گئے تھے۔

زخمیوں کو فوری طور پر ہسپتال منتقل کیا گیا تھا جبکہ متوفین کی نعشوں کو مردہ خانے پہنچا دیا گیا۔حادثے کی اطلاع ملتے ہی قریبی ہسپتالوں میں ہنگامی صورتحال کا اعلان کردیا گیا تھا۔گورنر مدینہ منورہ شہزادہ فیصل بن سلمان نے اس واقعہ کے اسباب جاننے کے لئے ٹیم تشکیل دینے کی ہدایت کردی ہے۔