Live Updates

بلاول بھٹو زرداری نے پی ایس 11 کے ضمنی انتخاب کے نتائج کو چیلنج کرنے کا اعلان کر دیا

ہم پی ایس 11 کے ضمنی انتخاب کے نتیجہ کو ماننے سے انکار کرتے ہیں۔ چئیرمین پاکستان پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری

Sumaira Faqir Hussain سمیرا فقیرحسین جمعہ 18 اکتوبر 2019 12:02

بلاول بھٹو زرداری نے پی ایس 11 کے ضمنی انتخاب کے نتائج کو چیلنج کرنے ..
کراچی (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 18 اکتوبر 2019ء) : چئیرمین پاکستان پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری نے پی ایس 11 کے ضمنتی انتخاب کے نتیجے کو ماننے سے انکار کرتے ہوئے نتائج کو چیلنج کرنے کا اعلان کر دیا ہے۔ تفصیلات کے مطابق مائیکروبلاگنگ ویب سائٹ ٹویٹر پر اپنے پیغام میں بلاول بھٹو زرداری کا کہنا تھا کہ مجھے اپنے جیالوں پر فخر ہے کہ اسٹیبلشمنٹ کے دباؤ کے باوجود انہوں نے انتخابات کے لئے جدوجہد کی۔

نیب نے پارٹی ورکرز اور ان کے خاندانوں کو نوٹسز بھیج کر قبل از انتخابات دھاندلی کی ۔
انہوں نے کہا کہ خواتین کے پولنگ اسٹیشنز پر جہاں پی پی کی خاصی حمایت تھی، تاخیر سے پولنگ شروع کروائی گئی۔ اور یہ سب جان بوجھ کر کیا گیا۔
بلاول بھٹو نے کہا کہ میڈیا صبح سے مسلسل رپورٹ کرتا رہا کہ خواتین ووٹرز کو دھمکایا جارہا ہے کہ وہ جی ڈی اے کو ووٹ دیں، ہماری بار بار کی شکایتوں کے باوجود الیکشن کمیشن نے کوئی نوٹس نہیں لیا۔

(جاری ہے)

اُن کا کہنا تھا کہ ہمارے اُمیدواروں کو پولنگ اسٹیشن کے اندر داخل ہونے کی اجازت بھی نہیں دی گئی۔ سیاسی انجینئرنگ کے باوجود پیپلز پارٹی نے جی ڈی اے، جے یو آئی اور پی ٹی آئی اتحاد کی برتری کو ایک سال سے کم عرصے میں کم کردیا۔
سچ کو چھپایا نہیں جاسکتا، ہم اس سیلیکشن کو بے نقاب کریں گے۔ انہوں نے الزام عائد کرتے ہوئے کہا کہ پولنگ کا عمل جان بوجھ کر سست روی کا شکار کیا گیا، خواتین ووٹرز کو ہراساں کیا اور پولنگ ایجنٹس کو پولنگ سٹیشنوں سے باہر نکال دیا گیا، ہم دوبارہ انتخابات کروا کر اس سیٹ کو جیتیں گے۔

جبکہ پی ایس 11 سے جی ڈی اے کے کامیاب امیدوار معظم عباسی نے دھاندلی کے تمام الزامات کو مسترد کرتے ہوئے نجی ٹی وی چینل کے پروگرام میں بات کرتے ہوئے کہا کہ سندھ حکومت کی تمام مشینری پاکستان پیپلزپارٹی نے استعمال کی، اس کے باوجود دھاندلی کا الزام عائد کیا جا رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ بلاول بھٹو نے 14 ماہ تک علاقے کی خبر ہی نہیں لی تو پھر شکست تو ہونا ہی تھی۔

یاد رہے کہ گذشتہ روز اُس وقت سندھ کی انتخابی سیاست کا بہت بڑا اپ سیٹ ہوا جب پاکستان تحریک انصاف کے حمایت یافتہ اتحاد نے پاکستان پیپلز پارٹی کو اس کے گڑھ لاڑکانہ کے ضمنی الیکشن میں شکست دے دی۔ 138 پولنگ اسٹیشنوں کے غیر سرکاری و غیر حتمی نتائج کے مطابق گرینڈ ڈیموکریٹک الائنس (جی ڈی اے) کے معظم عباسی نے 31557 ووٹ لے کر کامیابی حاصل کی جب کہ پیپلز پارٹی کے امیدوار جمیل سومرو 26021 ووٹ لے کر دوسرے نمبر پر رہے ۔ جی ڈی اے کی جانب سے معظم عباسی کو ہی دوبارہ انتخابی امیدوار نامزد کیا گیا تھا۔ دونوں مضبوط امیدواران کے علاوہ حلقے میں 9 آزاد امیدواران بھی تھے۔ لیکن شکست کے بعد پیپلز پارٹی نے دھاندلی کے الزامات عائد کرتے ہوئے نتیجہ کو چیلنج کرنے کا اعلان کیا ہے۔
Live پاکستان تحریک انصاف سے متعلق تازہ ترین معلومات