سرگودھا‘انسداد ڈینگی مہم میں ایک ہفتہ کے دوران 501ڈینگی ٹیموں نے 54861 گھروں اور 16401ہاٹ سپاٹس کو چیک کیا

جمعہ 18 اکتوبر 2019 12:35

سرگودھا‘انسداد ڈینگی مہم میں ایک ہفتہ کے دوران 501ڈینگی ٹیموں نے 54861 ..
سرگودھا(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 18 اکتوبر2019ء) انسداد ڈینگی مہم میں ایک ہفتہ کے دوران 501ڈینگی ٹیموں نے 54861 گھروں اور 16401ہاٹ سپاٹس کو چیک کیا جبکہ ڈینگی کے 4 مریض ڈی ایچ کیو ہسپتال میں زیر علاج ہیں۔زرائع کے مطابق صوبائی سیکرٹری سپیشل ایجوکیشن ڈاکٹر راشد منصور نے انسداد ڈینگی ٹیموں کے حوالہ سے اجلاس میں کہا کہ ہمیں آنے والی نسلوں کو محفوظ بنانے کیلئے ڈینگی کو شکست دینا ہو گی ۔

انسانی خدمت کے جذبہ سے سرشار ہو کر ہی ہم ڈینگی کے خلاف کامیابی حاصل کرسکتے ہیں ۔ ڈینگی سرویلنس کیلئے ایس او پیز پر پوری شدت سے عمل درآمد کیا جائے تاکہ مزید افزائش نہ ہوسکے ۔ انہوں نے انسداد ڈینگی ٹیموں کی کارکردگی کے جائزہ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ انسداد ڈینگی کے سلسلے میں محکمانہ کوششیں ماند نہیں پڑنی چاہیں او راس حوالے سے سرویلنس کو مزید تیز کیاجائے ۔

(جاری ہے)

انہوں نے فیلڈ ٹیموں پر زور دیاکہ وہ قبرستانوں ‘ ٹائر کی دکانوں ‘ کباڑخانوں اور سروس سٹیشنز سمیت دیگر ہاٹ سپاٹس کو مسلسل چیک کریں او رروزانہ کی سرگرمیوں کو اینڈ رائڈ موبائل کے ذریعے ڈیش بورڈ پر اپ لوڈ کریں ۔اجلاس میں ڈی ایچ او ڈاکٹر سہیل اصغر قاضی نے بتایاکہ ایک ہفتہ کے دوران 300 مشکوک کیس رپورٹ ہوئے جن میں سے 29کنفرم کیس پائے گئے ۔

ضلع بھر میں یکم جنوری سے اب تک مجموعی طو رپر 123ڈینگی کے کیس رپورٹ ہو چکے ہیں جن میں سے ایک صرف سرگودہاشہر جبکہ 61 اسلام آباد ‘ 43راولپنڈی او ردیگر مریض مختلف شہروں سے یہاں علاج کیلئے آئے ہیں جن میں سے 99فیصد مریض صحت یاب ہو کر واپس جاچکے ہیں ۔ ڈی ایچ کیو ہسپتال میں 4جبکہ ٹی ایچ کیو ہسپتال ساہیوال میں صرف ایک ڈینگی کامریض زیر علاج ہے جن کی حالت خطرے سے باہر ہے۔

اجلاس کو مزید بتایاگیاکہ ضلع بھر میں 501 ڈینگی سرویلنس ٹیمیں کام کررہی ہیں جن میں 334 ان ڈور ٹیموں نے ایک ہفتہ کے دوران 54861 گھروں کو چیک کیا جن کی روزانہ کی کوریج 7817بنتی ہے اور ہر ٹیم روزانہ 24گھروں کوچیک کررہی ہے ۔ انہوں نے بتایاکہ 167 آ ؤٹ ڈور ٹیموں نے ایک ہفتہ میں 16401ہاٹ سپاٹ چیک کئے او رہر ٹیم روزانہ 30مختلف مقامات کی کوریج کررہی ہے ۔

اجلاس میں بتایا گیاکہ ایک ہفتہ کے دوران انسداد ڈینگی ہدایات پر عمل نہ کرنے پر تین افراد کے خلاف ایف آئی آر درج کروائی جاچکی ہے ۔ ضلع میں یکم جنوری سے اب تک 143مختلف مقامات سے لاروا ملا جن میں 111 آ ؤٹ ڈور اور 32 ان ڈور مقامات شامل ہیں ۔ ضلع بھر میں اب تک مختلف سرکاری محکمے 565 آگہی سیمینار ‘303 واک منعقد کروانے کے علاوہ 21ہزار سے زائد پمفلٹ شہریوں میںتقسیم کئے گئے ہیں اس طرح ہیلپ لائن 0800-99000 پر یکم جنوری سے 27شکایات درج کروائی گئی جن میں سے حل طلب 23شکایات کو حل کر لیاگیا ہے ۔

ضلع بھر کے تمام سرکاری او رپرائیویٹ ہسپتالوں میں ڈینگی کے مریضوں کے علاج معالجہ اور ادویات کی تمام سہولیات وافر مقدار میں موجود ہیں ۔ سیکرٹری سپیشل ایجوکیشن نے تمام اداروں کی کارکردگی پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے خدمت خلق کے اس مشن کو جاری رکھنے کی ضرورت پر زور دیا۔