مقبوضہ کشمیر‘سی بی آئی نے حریت رہنماء جاوید احمدمیر کو گرفتار کرلیا

جمعہ 18 اکتوبر 2019 12:35

سرینگر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 18 اکتوبر2019ء) مقبوضہ کشمیرمیںبھارتی سینٹرل بیورو آف انویسٹی گیشن (سی بی آئی)نے حریت رہنماء جاوید احمد میر کو سرینگر سے گرفتار کرلیا ہے۔کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق سی بی آئی نے جاوید احمد میر کو سرینگر میں انکے گھر پر چھاپہ مار کر گرفتار کیا اور وادی کشمیر سے باہر منتقل کردیا ۔ سی بی آئی نے انہیں 25جنوری 1990کو سرینگر کے نواح میں ایک حملے میں بھارتی فضائیہ کے اہلکاروں کے قتل سے متعلق ایک جھوٹے مقدمے میں حراست میں لیا ہے ۔

(جاری ہے)

ایک پولیس اہلکار نے میڈیا کو بتایا ہے کہ جاوید احمدمیر کو جموںکی ٹاڈا عدالت میں پیش کیاجاسکتا ہے ۔کشمیر ہائی کورٹ نے رواں سال 13مارچ کو سی بی آئی کی درخواست پر 1990میںسرینگر کے علاقے رالپورہ میں بھارتی فضائیہ کے چار اہلکاروںکے قتل اور اور8دسمبر 1989کو اس وقت کے بھارتی وزیر داخلہ مفتی محمد سعید کی بیٹی روبیہ سعید کے اغوا کے مقدمات کے سلسلے میں دائر عرضداشتوںکی سماعت جموں ونگ منتقل کرنے کی اجازت دی تھی ۔ بھارتی ایجنسیوں نے جاوید احمدمیر کے علاوہ جموںوکشمیر لبریشن فرنٹ کے چیئرمین محمد یاسین ملک جو اس وقت متعدد جھوٹے مقدمات کے سلسلے میںنئی دلی کی تہاڑ جیل میں نظربند ہیں کو بھی اس مقدمے میں ملوث کررکھا ہے ۔