ناردرن نے سندھ کو66 رنز کے بھاری مارجن سے شکست دے دی

ناردرن کے سہیل اختر کی جارحانہ نصف سنچری، شاداب خان کے 3 شکار

جمعہ 18 اکتوبر 2019 12:12

ناردرن نے سندھ کو66 رنز کے بھاری مارجن سے شکست دے دی
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 18 اکتوبر2019ء) ایونٹ کے پانچویں روز اقبال اسٹیڈیم فیصل آباد میں کھیلے گئے میچ میں ناردرن نے سندھ کو 66 رنز کے بھاری مارجن سے شکست دے دی۔ فاتح ٹیم کی جانب سے مڈل آرڈر بلے باز سہیل اختر نے 63 رنز کی جارحانہ اننگز کھیلی۔192 رنز کے تعاقب میں سندھ کی پوری ٹیم 125 رنز پر ڈھیر ہوگئی۔

اس سے قبل ناردرن کے کپتان عماد وسیم نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا۔

5 اسکور پر پہلی وکٹ گرنے کے بعد سہیل اختر اور عمرامین کے درمیان 102 رنز کی شاندار شراکت نے میچ میں ناردرن کی جیت کی بنیاد رکھ دی۔ سہیل اختر نے 36 گیندوں پر 6 چوکوں اور 3 چھکوں کی بدولت 63 رنز کی اننگز کھیلی۔مڈل آرڈر بلے باز آصف علی کی برق رفتار 30 اور عماد وسیم کی 27 رنز کی ناقابل شکست اننگز کی بدولت ناردرن کرکٹ ٹیم نے مقررہ 20 اوورز میں 7 وکٹوں کے نقصان پر 191 رنز بنائے۔

(جاری ہے)

سندھ کی جانب سے محمد حسنین نے 2 کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی۔

جواب میں احسان علی اور خرم منظور پر مشتمل اوپننگ جوڑی نے سندھ کو 44 رنز کا آغاز فراہم کیا مگر اس کے بعد کوئی بھی کھلاڑی ناردرن کی مضبوط باوٴلنگ لائن اپ کے سامنے کریز پر نہ ٹھہر سکا اور پوری ٹیم 17.4 اوورز میں 125 رنز پر آوٴٹ ہوگئی۔اوپنر احسان علی 29 رنز بنا کر ٹاپ اسکورر رہے۔

ناردرن کی جانب سے شاداب خان نے 28 رنز کے عوض 3 کھلاڑیوں کو آوٴٹ کیا۔فاسٹ باوٴلر محمد عامر نے 2 جبکہ عماد وسیم، محمد نواز، سہیل تنویر اور حارث روٴف نے 1،1 کھلاڑی کو آوٴٹ کیا۔
ایونٹ میں جمعہ کے روز 2 میچز کھیلے جائیں گے۔ پہلے میچ میں سنٹرل پنجاب اور سدرن پنجاب جبکہ دوسرے میچ میں ناردرن اورخیبرپختونخوا کی ٹیمیں مدمقابل ہوں گی۔