شارجہ: اُبلتی ہوئی چائے اُوپر گر جانے سے3 سالہ بچہ جاں بحق

بدنصیب بچے کی والدہ نے چائے چُولہے پر رکھی ہوئی تھی جب یہ واقعہ پیش آیا

Muhammad Irfan محمد عرفان جمعہ 18 اکتوبر 2019 13:41

شارجہ: اُبلتی ہوئی چائے اُوپر گر جانے سے3 سالہ بچہ جاں بحق
شارجہ(اُردوپوائنٹ اخبار تازہ ترین۔18اکتوبر2019ء) شارجہ میں ایک افسوس ناک واقعہ پیش آیا ہے جس کے نتیجے میں تین سالہ بچہ زندگی کی بازی ہار گیا ہے۔ پولیس کے مطابق یہ واقعہ چند روز قبل پیش آیا جس کے بعد بچے کو تشویش ناک حالت میں القاسمی ہسپتال منتقل کیا گیا، جہاں وہ چند روز زیر علاج رہنے کے بعد خالقِ حقیقی سے جا مِلا۔ یہ واقعہ القادسیہ کے علاقے کی ایک رہائشی عمارت کے ایک اپارٹمنٹ میں پیش آیا۔

جب تین سالہ بچہ گھر پر کھیل رہا تھا جبکہ اُس کی والدہ کچن میں ایک بڑی کیتلی میں چائے بنانے میں مصروف تھی۔ اچانک بچہ دوڑتا ہوا کچن میں داخل ہوا، جہاں اُس کی والدہ چائے کی کیتلی اُٹھا ہی رہی تھی کہ اچانک بچہ اُس سے ٹکرا گیا۔ جس کے باعث کیتلی میں موجود چائے چھلک کر بچے کے اُوپر جا گری۔

(جاری ہے)

اُبلتی ہوئے چائے بچے پر گرنے سے اُس کی حالت غیر ہو گئی جسے فوری طور پر ہسپتال منتقل کیا گیا۔

ہسپتال ذرائع نے بتایا کہ بچے کا 33 فیصد جسم سر، گردن اور پیٹ والے مقام سے بُری طرح جھُلس گیا تھا۔ اُسے کئی روز تک ہسپتال میں زیر علاج رکھا گیا، مگر اُس کی حالت سنبھلنے کے بجائے مزید بگڑتی چلی گئی۔ اور وہ انتقال کرگیا۔ الغریب پولیس اسٹیشن کی جانب سے بچے کی حادثاتی موت کا کیس درج کیا گیا ہے۔ تاہم بچے کے والدین کو تفتیش کی غرض سے پولیس اسٹیشن طلب کیا گیا تاکہ اس بات کا جائزہ لیا جا سکے کہ کیا اس معاملے میں والدین کی جانب سے کوئی غفلت تو نہیں برتی گئی۔ تاہم سوال جواب سے پتا چلا کہ یہ سب اتفاقاً ہوا ہے، اس میں والدین کی جانب سے کسی مجرمانہ غفلت کا مظاہرہ نہیں کیا گیا تھا۔

متعلقہ عنوان :