مولانا فضل الرحمان مذاکرات کے دروازے بند نہ کریں

دروازے بند ہوتے ہیں تو حادثات ہوتے ہیں۔ عوامی مسلم لیگ کے سربراہ شیخ رشید

Sumaira Faqir Hussain سمیرا فقیرحسین جمعہ 18 اکتوبر 2019 14:25

مولانا فضل الرحمان مذاکرات کے دروازے بند نہ کریں
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 18 اکتوبر 2019ء) : عوامی مسلم لیگ کے سربراہ شیخ رشید نے جمیعت علمائے اسلام (ف) کے سربراہ مولانا فضل الرحمان کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ مولانا فضل الرحمان مذاکرات کے دروازے بند نہ کریں۔ انہوں نے ایک پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ مذاکرات کے دروازے بند ہوتے ہیں تو حادثات ہوتے ہیں، ہماری طرف سے دروازے کُھلے ہوئے ہیں۔

شیخ رشید نے کہا کہ مولانا فضل الرحمان سے گزارش ہے کہ مذاکرات کے دروازے بند نہ کریں، وہ پہلے بھی استعمال ہوتے رہے ہیں، مولانا بتائیں کہ حکومت نے کہاں غلطی کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ملک بھر میں پہلے 24 گھنٹے جہاں کشمیر کی بات ہورہی تھی اب مولانا کی بات ہورہی ہے، ان سے کہوں گا یہ وقت احتجاج کا نہیں ہے۔

(جاری ہے)

یاد رہے کہ کچھ دن قبل میڈیا سے بات کرتے ہوئے شیخ رشید نے دعویٰ کیا تھا کہ جمیعت علمائے اسلام (ف) کے سربراہ مولانا فضل الرحمان فیس سیونگ مانگ رہے ہیں۔

شیخ رشید نے کہا کہ مولانا فضل الرحمان کے دھرنے پر پورا یقین ہے کہ معاملہ ٹھیک ہو جائے گا ، ملاقاتیں ہو رہی ہیں جبکہ فضل الرحمان اور دوسرے لوگوں سے بات چیت جاری ہے۔ انہوں نے کہا کہ مولانا فضل الرحمان فیس سیونگ مانگ رہے ہیں ، ہو سکتا ہے کہ کوئی درمیانی راستہ نکل آئے ۔ شیخ رشید نے دعویٰ کیا کہ مولانا فضل الرحمان کو فیس سیونگ دی جا سکتی ہے۔

ہماری غلطی ہے ہم نے انہیں بہت زیادہ لفٹ کروائی ہے اور کابینہ میں بھی کہا کہ ہماری میڈیا پالیسی مناسب نہیں اور ہم خوامخواہ انہیں لفٹ کروا رہے ہیں جس نے آنا ہے آ جائے۔ انہوں نے کہا کہ اس وقت اسلام آباد میں سب اچھے کی دھنیں بج رہی ہیں، کوئی نہ سمجھے کہ وہاں خوف ہے۔ یاد رہے کہ جے یو آئی (ف) نے حکومت کے خلاف اسلام آباد کی جانب مارچ کا اعلان کر رکھا ہے، مولانا فضل الرحمان کا کہنا تھا کہ اسلام آباد کی طرف آزادی مارچ شروع ہوگا۔ اسلام آباد جانا ہمارا آخری اور حتمی فیصلہ ہے، اب یہ جنگ حکومت کے خاتمے پر ہی ختم ہوگی، ہماری جنگ کا میدان پورا ملک ہوگا، ملک بھر سے انسانوں کا سیلاب آرہا ہے۔