میر پور اور آزاد کشمیر میں زلزلے کے جھٹکے

زلزلے کے جھٹکے محسوس ہوتے ہی لوگ کلمہ طیبہ کا ورد کرتے ہوئے گھروں اور دفاتر سے باہر نکل آئے

Muqadas Farooq Awan مقدس فاروق اعوان جمعہ 18 اکتوبر 2019 15:52

میر پور اور آزاد کشمیر میں زلزلے کے جھٹکے
آزاد کشمیر (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 18 اکتوبر 2019ء) : ایک مرتبہ پھر شدید زلزلے نے زمین لرزا دی۔میر پور اور آزاد کشمیر میں زلزلے کے جھٹکے محسوس کیے گئے ہیں۔تفصیلات کے مطابق میر پور اور آزاد کشمیر میں زلزے کے جھٹکے محسوس کیے گئے ہیں۔زلزلے کے جھٹکے محسوس ہوتے ہی لوگ کلمہ طیبہ کا ورد کرتے ہوئے گھروں اور دفاتر سے باہر نکل آئے۔ریکٹر سکیل پر زلزلے کی شدت تاحال نہیں بتائی گئی۔

خیال رہے کہ گذشتہ ہفتے بھی پاکستان کے مختلف شہروں میں زلزلے کے جھٹکے محسوس کیے گئے تھے۔ آزاد کشمیر کے مختلف علاقوں میں ہفتے کے روز بھی دوبارہ زلزلے کے شدید جھٹکے محسوس کیے گئے ہیں۔ بتایا گیا کہ گزشتہ ماہ کے تباہ کن اور خوفناک زلزلے کے بعد اور کافی دن گزر جانے کے باجود آفٹر شاکس آنے کا سلسلہ جاری ہے۔

(جاری ہے)

شدید آفٹر شاکس کے باعث لوگوں میں خوف وہراس پایا جاتا ہے۔

ہفتے کی شب بھی آزاد کشمیر کے مختلف علاقوں میں زلزلے کے شدید جھٹکے محسوس کیے گئے۔ گزشتہ زلزلے سے پریشان حال لوگ زلزلے کے شدید جھٹکے محسوس کرنے پر انتہائی خوف زدہ حالت میں باآواز بلند کلمہ طیبہ کا ورد کرتے ہوئے گھروں اور عمارتوں سے باہر نکل آئے۔ تاہم ہفتے کے روز محسوس کیے جانے والے زلزلے کے شدید جھٹکوں کے باعث کسی جانی یا مالی نقصان کی اطلاع نہیں ملی۔

واضح رہے کہ گزشتہ ماہ خوفناک زلزلے نے آزاد کشمیر میں تباہی مچا دی تھی۔ آزاد کشمیر کے ضلع میرپور اور قریبی قصبے جاتلاں میں عمارتیں، مکانات اور دیواریں گرنے سے متعدد افراد جاں بحق جبکہ سینکڑوں زخمی ہو گئے تھے۔ آزاد کشمیر کے علاوہ وفاقی دارالحکومت اسلام آباد سمیت صوبہ پنجاب، خیبر پختونخوا اور گلگت بلتستان کے مختلف شہروں میں بھی زلزلے کے شدید جھٹکے محسوس کئے گئے تھے۔

ریکٹر سکیل پر اس کی شدت 5.8 اور گہرائی 10 کلومیٹر ریکارڈ کی گئی تھی جبکہ مرکز جہلم سے پانچ کلومیٹر شمال میں تھا۔ آزاد کشمیر، خیبرپختونخواہ اور پنجاب کے شمالی علاقوں اس زلزلے کے آفٹر شاکس آنے کا سلسلہ تاحال جاری ہے۔ جبکہ اس حوالے سے ماہرین نے بھی پیشن گوئی کی تھی کہ آفٹر شاکس آنے کا سلسلہ کئی روز تک جاری رہے گا۔