کسی بھی معاشرے اور ریاست کی ترقی کا دارومدار امانت ، دیانت اورصداقت پر ہے ،چوہدری محمد ابراہیم ضیاء

سید نظیر الحسن گیلانی ادارے کی بہتری اور دین کے لئے خدمات پر خراج تحسین کے مستحق ہیں،چیئر مین اسلامی نظریاتی کونسل کی سیکرٹری سید نظیر الحسن گیلانی کو شاندار باوقار اور کامیاب سروس مکمل کرنے پر مبارکباد

جمعہ 18 اکتوبر 2019 16:25

مظفرآباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 18 اکتوبر2019ء) چیف جسٹس و چیئرمین آزاد جموں وکشمیر اسلامی نظریاتی کونسل جسٹس چوہدری محمد ابراہیم ضیاء نے سیکرٹری آزاد جموں وکشمیر اسلامی نظریاتی کونسل سید نظیر الحسن گیلانی کی ریٹائرمنٹ پر ان کے اعزاز مین منعقدہ الوداعی تقریب میں شرکت کی ۔ تقریب سے چیئرمین اسلامی نظریاتی کونسل چیف جسٹس چوہدری محمد ابراہیم ضیاء ، سیکرٹری اسلامی نظریاتی کونسل آزاد جموں وکشمیر سید نظیر الحسن گیلانی اورحافظ رحمت اللہ تصورڈرافٹسمین اسلامی نظریاتی کونسل نے بھی خطاب کیا۔

اس موقع پرراجہ آصف الرحمن ایڈمن آفیسر آزاد جموںوکشمیر اسلامی نظریاتی کونسل، آفیسران و سٹاف بھی موجود تھے ۔ الوداعی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے چیف جسٹس و چیئرمین اسلامی نظریاتی کونسل جسٹس چوہدری محمد ابراہیم ضیاء نے ایک شاندار باوقار اور کامیاب سروس مکمل کرنے پر سیکرٹری اسلامی نظریاتی کونسل سید نظیر الحسن گیلانی کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ سید نظیر الحسن گیلانی ادارے کی بہتری اور دین کے لئے خدمات پر خراج تحسین کے مستحق ہیں ۔

(جاری ہے)

انہوں کی اپنی سروس میں ادارے کے وقار ، تشخص اور استحکام کے لئے خدمات قابل ستائش ہیں ۔ چیئرمین اسلامی نظریاتی کونسل نے کہا کہ یہ زندگی کا ایک مرحلہ ختم ہواہے۔ زندگی ایک سفر مسلسل کی طرح ہے موت کے بعد ہی اصل زندگی شروع ہونی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ کسی بھی معاشرے اور ریاست کی ترقی کا دارومدار امانت ، دیانت اورصداقت پر ہے ۔وہیں قومیں اور ملک ترقی کرتے ہیں جو دیانت اور صداقت پر یقین رکھتے ہیں ۔

سید نظیر الحسن گیلانی نے ساری سروس باوقار اور بہترین گزاری ۔ انہوں نے کہا کہ آگے بھی یہ ادارہ ان کی صلاحیتوں سے مستفید ہوتا رہے گا۔ چیف جسٹس نے کہا کہ آئینی ترمیم کے بعد اسلامی نظریاتی کونسل کی اہمیت اور بھی بڑھ گئی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ سید نظیر الحسن گیلانی نے اسلامی نظریاتی کونسل سے سروس کا آغازکیا اور اسی ادارہ سے رخصت ہوئے یہ ان کے لیے اعزاز کی بات ہے ۔

انہوں نے کہا کہ اس محکمہ میں خدمات سرانجام دینا ہم سب کے لئے اعزاز کی بات ہے ۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے سیکرٹری اسلامی نظریاتی کونسل سید نظیر الحسن گیلانی نے کہا کہ میں نے اسلامی نظریاتی کونسل سے اپنی سروس کا آغاز کیا اور آج اسی ادارے سے ریٹائر ہو رہا ہوں اور میں فخر محسوس کرتا ہوں کہ میں نے اپنی سروس دین کی خدمت کے لئے انجام دی ۔

انہوں نے کہا کہ میں نے اپنی سروس میں کونسل کے وقار اور تشخص کے لئے اپنی بھرپور جدوجہد کی ۔ہمیشہ کوشش کی ہے کہ قوائد و ضوابط کے تحت کام کروں ۔ انہوں نے کہا کہ کبھی بھی کسی کی خوشنودی کے لئے کام نہیں کیا بلکہ صرف اللہ کی رضا اور عوام کی بہتری اور دین کی خدمت کے لئے کام کیا اور آج خوشی محسوس کرتاہوں ۔ انہوں نے کہا کہ میں نے اسلامی نظریاتی کونسل کے علاوہ زکوٰ و عشر اور سماجی بہبود میں بھی بحیثیت سیکرٹری خدمات دیں لیکن کبھی بھی قوائد و ضوابط سے ہٹ کر کوئی بھی کام نہیں کیا ۔

انہوں نے کہا کہ اسلامی نظریاتی کونسل میں کام کرنا میرے لیے باعث فخر ہے ۔ انہوں نے کہا کہ آج اللہ تعالیٰ کا شکر گزار ہوں کے میں باوقار طریقے سے ریٹائر ہو رہا ہوں ۔ آخر میں پاکستان کی سلامتی ، ملکی استحکام ،مقبوضہ کشمیر کی آزادی اور شہداء کشمیر کے لئے دعا کی گئی ۔