نیلم،ڈپٹی کمشنر کی زیر صدارت آزاد کشمیر کے 72ویں یوم تأ سیس کو منانے کیلئے اجلاس

24اکتوبر،نماز فجر کے بعد آزاد کشمیر،مملکت خداداد کی خوشحالی ،مقبوضہ کشمیر کی آزادی اور شہداء جموں و کشمیر کے ایصال ثواب کیلئے خصوصی دعائیں مانگی جائیں گی،تمام سرکاری عمارات پر آزاد جموں و کشمیر کا پرچم لہرایا جائیگا،اجلاس میں فیصلہ

جمعہ 18 اکتوبر 2019 16:25

نیلم(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 18 اکتوبر2019ء) ڈپٹی کمشنر راجہ محمود شاہد کی زیر صدارت آزاد حکومت ریاست جموں و کشمیر کے 72ویں( بہترویں) یوم تأ سیس کو منانے کیلئے 24اکتوبر کے پروگرام کو حتمی شکل دینے کیلئے اجلاس منعقد ہوا۔اجلاس میں طے پایا کہ 24اکتوبر2019کی صبح کا آغاز نماز فجر کے بعد ریاست آزاد جموں و کشمیر اور مملکت خداداد کی خوشحالی اور مقبوضہ جموں و کشمیر کی آزادی کیلئے خصوصی دعائیں مانگی جائیں گی۔

اس موقع پر شہداء جموں و کشمیر کے ایصال ثواب کیلئے بھی دعائیں مانگی جائیں گی۔24اکتوبر کے دن تمام سرکاری عمارات پر آزاد جموں و کشمیر کا پرچم لہرایا جائے گا۔یوم تأسیس کی مرکزی تقریب ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹرز آٹھمقام میں منعقد کی جائے گی جس میں سپیکر قانون ساز اسمبلی شاہ غلام قادر بطور مہمان خصوصی شرکت کریں گے۔

(جاری ہے)

8:30 پرپریڈ ہو گی جسکے بعد تقریب کا با قاعدہ آغاز تلاوت کلام پاک سے ہو گا، نعت کے بعد پرچم کشائی کی جائے گی اور ریاستی پرچم کو سلامی پیش کی جائے گی۔

تمام ضلعی آفیسران بمعہ سٹاف اپنی شرکت کو یقینی بنائیں گے اور بینرز ،ہولڈنگ بورڈز لگائے جائیں گے اور اس کی بھر پور تشہیر کی جائے گی۔ تمام تعلیمی اداروں میں یوم تأسیس،تحریک آزادی کشمیر اور مقبوضہ کشمیر کے موجودہ حالات کے موضوعات پر تقریری مقابلے اور مباحثے منعقد کروائیں گے اور ان مقابلوں میں جیتنے والے طلبا و طالبات کو انعامات اور اعزازی اسناد دی جائیں گی۔

اجلاس میں ایس پی نیلم آصف درانی،اسسٹنٹ کمشنر راجہ عمر طارق،ایڈمنسٹریٹر ضلع کونسل نواز اعوان،ڈائریکٹر نیلم کیمپس ڈاکٹر اعجاز الاسلام ڈار، ڈپٹی ڈسٹرکٹ ایجوکیشن آفیسر زنانہ ڈاکٹر شمشاد عزیز،ایڈمنسٹریٹر بلدیہ ڈاکٹر خورشید احمد،مہتمم شاہرات عبد الماجداقبال اعوان،آفیسر اطلاعات محمد حنیف،اسسٹنٹ ڈائریکٹر لوکل گورنمنٹ عبد الر ؤف خان، ڈسٹرکٹ فوڈ آفیسر،اسسٹنٹ ڈائریکٹر زراعت،پرنسپل ڈگری کالج آٹھمقام،تحصیلدار آٹھمقام ،نائب تحصیلدار آٹھمقام عنصر مغل،سینئر انسٹرکٹر سول ڈیفنس و دیگر نے شرکت کی۔