پیپلز پارٹی آزادی مارچ میں بھرپور شرکت کریگی، نیر حسین بخاری

کارکن نو جماعتوں کی قیادت سے ملنے والی ہدایات پر عمل کریں،آصف زرداری کی صحت پر تشویش ہے، فوری ہسپتال منتقل کیا جائے، میڈیا سے بات چیت

جمعہ 18 اکتوبر 2019 17:12

پیپلز پارٹی آزادی مارچ میں بھرپور شرکت کریگی، نیر حسین بخاری
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 18 اکتوبر2019ء) پاکستان پیپلز پارٹی کے سیکرٹری جنرل نیر حسین بخاری نے کہاہے کہ پیپلز پارٹی آزادی مارچ میں بھرپور شرکت کریگی، کارکن نو جماعتوں کی قیادت سے ملنے والی ہدایات پر عمل کریں،آصف زرداری کی صحت پر تشویش ہے، فوری ہسپتال منتقل کیا جائے ۔ جمعہ کو سانحہ کارساز کے شہداء کیلئے پیپلز پارٹی کی جانب سے قرآن خوانی کا اہتمام کیا گیا جس میں پیپلز پارٹی کے نیئر حسین بخاری ،فرحت اللہ بابر ، عامر فدا پراچہ اور دیگر رہنما بھی شریک ہوئے ۔

قران خوانی کے بعد نیر بخاری نے میڈیا سے بات چیت کرتے ہئوے کہاکہ سانحہ کارساز کو 12 برس بیت چکے،بینظیر بھٹو جلاوطنی ختم کرکے واپس آرہی تھیں۔ انہوںنے کہاکہ کراچی ایئرپورٹ اور ارد گرد عوام کا جم غفیر موجود تھا۔

(جاری ہے)

انہوںنے کہاکہ اس وقت ملک پر مسلط آمریت نے بینظیر اور ان کی ریلی پر حملہ کروایا۔انہوںنے کہاکہ حملہ میں 117 افراد کو شہید کر دیا گیا،محترمہ اس رات حملہ کے باوجود رات بھر ہسپتالوں کے چکر لگاتی رہیں۔

نیر بخاری نے کہاکہ دوسرے روز بینظیر بھٹو نے قیادت کوآگاہ کیا کہ ان پرسیاست سے کنارہ کشی کے لئے دئوو ڈالا جارہا ہے ۔ انہوںنے کہاکہ محترمہ نے سب کو کھلے دل سے آفر کی کی جو جانا چاہتا ہے مجھے چھوڑ کر چلا جائے۔ انہوںنے کہاکہ محترمہ نے کہا وہ جمیوریت کی یہ لڑائی لڑتی رہیں گی چاہے جان ہی کیوں نہ چلی جائے۔انہوںنے کہاکہ اب اس دھاندلی زدہ حکومت کے خلاف بلاول نے باہر نکلنے کا فیصلہ کیا ہے ۔

انہوںنے کہاکہ کراچی میں جلسہ کے بعد بلاول بھٹو بعض دیگر ضلعوں میں جائیں گے۔انہوںنے کہاکہ بلاول سندھ اور جنوبی پنجاب سے ہوتے ہوئے 30 نومبر کو مظفرآباد میں یوم تاسیس کے جلسہ سے خطاب کریں گے۔ انہوںنے کہاکہ پیپلز پارٹی آزادی مارچ میں بھرپور شرکت کریگی۔ انہوںنے کہاکہ کارکن نو جماعتوں کی قیادت سے ملنے والی ہدایات پر عمل کریں،آصف زرداری کی صحت پر تشویش ہے۔ انہیں فوری طور ہراسپتال منتقل کیا جائے۔